راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے نویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نام رہا، 188 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کی ٹیم نے اختتامی اوورز میں بین کٹنگ کی برق رفتار اننگز کی بدولت فتح سمیٹی۔ انہوں نے 17 گیندوں پر 42 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔
BEN CUTTING HITS BACK-TO-BACK MAXIMUMS AND QUETTA WIN 👏
Quetta Gladiators have defeated Islamabad United by 5 wickets to move up to top of the table #HBLPSLV #TayyarHain #CricketForAll pic.twitter.com/8px6l4d65n
— Cricingif (@_cricingif) February 27, 2020
بین کٹنگ نے آخری اوور میں عماد بٹ کو 2 گیندوں پر 2 فلک شگاف چھکے لگاکر میچ کا اختتام کیا۔ اس کے علاوہ جیسن روئے 50، کپتان سرفراز احمد 33، محمد نواز 25 اور احمد شہزاد 12 رنز بناسکے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے احمد سیف الدین اور فہیم اشرف نے دو دو جبکہ کپتان شاداب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل اسلام آباد کی ٹیم نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز اسکور کئے تھے۔
کولن انگرم 63 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے تھے جبکہ کپتان شاداب خان نے 39، کولن منرو نے 31 اور آصف علی نے 15 رنز اسکور کئے تھے۔
نوجوان نسیم شاہ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 23 رنز کے عوض جبکہ ٹمائل ملز نے 34 رنز کے عوض دو دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔
اس کے علاوہ محمد حسنین اور بین کٹنگ نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
بین کٹنگ کو میچ وننگ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔