Aaj Logo

شائع 25 فروری 2020 11:15am

'میری توہین بند اور احترام کا مظاہرہ کیا جائے' جاوید میانداد آگ بگولہ

پاکستان کے سابق کپتان اور لیجنڈری بلے باز جاوید میانداد ایک نجی ٹی وی چینل پر اپنا مذاق بنائے جانے پر آگ بگولہ ہوگئے۔

انہوں نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں مزاق کا نشانہ بنائے جانے پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ جنہوں نے ملک کیلئے قربانیاں دی ہوئی ہوتی ہیں ان کا مذاق نہیں بنایا جاتا بلکہ عزت کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ مذاق کریں لیکن مہذب انداز اختیار کریں، لیجنڈری بلے باز نے کہا کہ ایک نجی چینل پر میری ڈمی بنائی گئی ہے اور باقاعدہ میرا نام لیا جارہا ہے۔

جاوید میانداد نے خبردار کیا ہے کہ اگر آئندہ کسی نے اس طرح مجھ پر براہ راست حملہ کیا تو اُس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کروں گا۔

سابق کپتان نے کہا ہے کہ چینل چلانا ایک الگ چیز ہے مگر کسی کے پاس دوسرے کو بے عزت کرنے کا حق ہرگز نہیں ہے۔

جاوید میانداد کی جانب سے ناراضگی کے اظہار پر متعدد سوشل میڈیا صارفین اور معروف شخصیات نے اُن کی حامی بھری۔

سینئر صحافی عالیہ رشید نے لکھا کہ 'کسی عام آدمی کے بولنے کا انداز کا مذاق اُڑانا بُری بات ہے، یہ تو جاوید میانداد، دی اوریجنل لیجنڈ ہیں'۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر اور جاوید میانداد کے بھانجے فیصل اقبال نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ 'لیونگ لیجنڈ کی عزت کریں'۔

ایک ٹویٹر صارف نے لکھا کہ 'جاوید میانداد ایک لیجنڈ ہیں اور انہوں نے ملک کیلئے اپنی خدمات پیش کی ہیں، برائے مہربانی انہیں عزت دی جائے'۔

Read Comments