Aaj Logo

شائع 24 فروری 2020 03:26pm

شمالی علاقہ جات میں سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات کی ہدایت

وزیرِاعظم عمران خان نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لئے لائحہ عمل ترتیب دینے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کہا کہ آنے والے مہینوں میں شمالی علاقہ جات میں سیاحوں کی آمد کے پیش نظر ان کی سہولیات کے لئے پیشگی منصوبہ بندی اور انتظامات کیے جائیں ۔

 وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ملک میں ماحول دوست سیاحت کے فروغ کے حوالےسے اجلاس ہوا۔

وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ خیبرپختونخواہ میں سیاحت کے حوالے سےزوننگ کا کام مکمل کرلیا گیا ۔ گلگت بلتستان میں بھی سیاحت کے فروغ کے لئے تین زون قائم کیے گئے ہیں جن میں غذر، استور اورشگرشامل ہیں ۔

وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ ابتدائی طورپرپختونخواہ کے چار، پنجاب میں ایک اوربلوچستان کے ایک ساحلی علاقے میں سیاحت کے حوالے سے آئندہ چھ ہفتوں میں ویژن ماسٹر پلان ترتیب دینے کا عمل مکمل کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ویژن ماسٹرپلان بیرون سرمایہ کاروں کوسیاحت کے حوالے سے پاکستان میں سرمایہ کاری  اورانفراسٹرکچرکے قیام میں معاون ثابت ہوگا۔ وزیرِاعظم نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخواہ کو ہدایت کی کہ خیبرپختونخوا میں واقع ریسٹ ہاؤسزکی بحالی اورانتظامات سیاحت کے شعبے سے وابستہ نجی شعبے کودینے کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔

وزیرِاعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاحت کے فروغ سے ملکی معیشت کو تقویت ملے گی ۔ ماحولیات ، قدرتی حسن اور مقامی اقدارکومدنظر رکھ کر سیاحت کے فروغ کے لئے لائحہ عمل ترتیب دیا جائے ۔

Read Comments