لاہور: فیس بک نے بھی یوٹیوب کی طرح صارفین کو پیسے کمانے کی سہولت فراہم کردی ہے۔
فیس بک اب اپنے صارفین سے ان کی آواز کی ریکارڈنگز مانگے گا اور اس کے بدلے انہیں پیسے دیے جائیں گے۔
گزشتہ سال فیس بک نے کہا تھا کہ وہ اب میسنجر ایپ کے ذریعے لوگوں کی آوازیں یعنی وائس نوٹس نہیں سنے گا جس کا مقصد اپنی وائس ریکگنیشن ٹیکنالوجی کو بہتر بنانا تھا۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ دی ورج کی ایک رپورٹ کے مطابق فیس بک اپنی ویو پوائنٹس ریسرچ ایپ کے ساتھ "پروناؤنسی ایشن" نام کا پروجیکٹ شروع کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ ویو پوائنٹس وہی ایپ ہے جو فیس بک نے سوشل میڈیا سرویز میں حصے لینے پر لوگوں کو انعام دینے کے لیے لانچ کی تھی۔
رپورٹ کے مطابق فیس بک ہر وائس ریکارڈ کے بدلے صارف کو 200 پوائنٹس دے گا اور 1000 پوائنٹس مکمل ہونے پر ان کے بدلے 5 ڈالرز حاصل کیے جا سکیں گے۔
یہ پروجیکٹ فی الحال صرف امریکا میں شروع کیا گیا ہے اور 18 سال سے زائد عمر کے ایسے افراد جن کے دوستوں کی تعداد 75 یا اس سے زیادہ ہے وہ اس میں حصہ لے سکتے ہیں۔