Aaj Logo

اپ ڈیٹ 20 فروری 2020 07:57am

ڈرامہ "عہد وفا" مزید نشر ہوگا یا نہیں؟ عدالتی فیصلہ آگیا

لاہور ہائیکورٹ میں ایم ڈی پروڈکشن اور آئی ایس پی آر کے اشتراک سے بننے والے ڈرامہ سیریل "عہد وفا" پر پابندی کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔

جسٹس شاہد وحید نے محمد ذیشان کی درخواست پر سماعت کی، جسٹس شاہد وحید نے استفسار کیا کہ آپ کیا کرتے ہیں؟

درخواست گزار نے جواب دیا کہ  جی میں لاء کا طالب ہوں۔

عدالت نے پھر پوچھا کہ کہاں کے رہنے والے ہیں؟

جواب ملا کہ  میں مالا کنڈ کا رہائشی ہوں، لاہور میں لاء کررہا ہوں۔

جسٹس شاہد وحید نے پھر پوچھا آپ کو پڑھتے پڑھتے کیا سوجھی؟

جواب دیا کہ ڈرامہ دیکھ کر دکھ ہوا اس لیے  درخواست دائر کی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ آپ نے ڈرامہ کو بند کرنے کی استدعا کی ہے، کیا آپ  نے عدالت آنے سے پہلے پیمرا کو درخواست  دی؟

درخواست گزار جواب دیا کہ جی پیمرا کو درخواست نہیں دی۔ ان سے شنوائی کی توقع  نہیں۔

عدالت نے ریمارکس دئیے کہ پہلے آپ پیمرا کو درخواست دیں، شنوائی نہ ہو تو پھر عدالت سے رجوع کر سکتے ہیں۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ ڈرامے میں سیاستدان، میڈیا، بیوروکریسی اور فوج کا کردار دکھایا گیا، ریاست کے چار ستون ظاہر کئے گئے لیکن عدلیہ کی جگہ فوج کا کردار دکھایا گیا۔

درخواست گزار کے مطابق ڈرامہ سیریل عہد وفا میں سیاست دانوں اور میڈیا کی کردار کشی کی جارہی ہے ، جس سے بیرونی دنیا میں پاکستان کے بارے منفی تاثر جارہا ہے، عدالت ڈرامہ عہدِ وفا پر پابندی عائد کرنے کا حکم دے۔

عدالت نے درخواست گزار کو پیمرا سے رجوع کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست مسترد کردی۔

Read Comments