سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا ہے حکمران جماعت کی طرح سول نافرمانی کی تحریک نہیں چلائیں گے۔ حکومت خود اپنا بوجھ نہیں اٹھا سکتی۔ اب تو اتحادی بھی خود کہہ رہے ہیں کہ ان کی بس ہو چکی ہے۔
اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ایاز صادق نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان ہم سے ناراض ضرور مگر وہ روادار سیاست دان اور عالم دین ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ رہبر کمیٹی کا اجلاس بلایا گیا تو کوئی وجہ نہیں کہ شرکت نہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس دو ہی راستے ہیں پہلا رستہ پارلیمان میں کرادار ادا کرنا ہے جو اپوزیشن کررہی ہے۔ اور دوسرا راستہ تحریک انصاف کی طرح سول نافرمانی اور پارلیمنٹ پر حملے کا ہے جو ہم نہیں اپنائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں لیگی رہنما نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی تحریک تحفظ دستور میں شرکت کا فیصلہ قیادت سے مشاورت کے بعد کریں گے۔