عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس سے متعلق نئے خطرے سے خبردار کردیا۔
دبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ کبھی چین نہ جانے والے افراد کا بھی کورونا وائرس سے متاثر ہونا ایک بڑے خطرے کی ابتداء ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے اس صورت حال کو "ٹِپ آف دا آئس برگ" سے تشبیہ دی ہے اور صورت حال کی نگرانی کے لیے اپنے ایک وفد کو چین بھی بھیجا ہے۔
وفد کا کہنا ہے کہ چین کے اسپتال میں کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے موثر انتظامات موجود ہیں۔
واضح رہے کہ چین میں کرونا وائرس سے مزید 108 افراد ہلاک ہوگئے، کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1016 ہوگئی۔
چین میں کرونا وائرس کے مزید 2100 کیسز سامنے آگئے۔ چین سمیت دیگر 24 ممالک میں بھی یہ وائرس پھیل چکا ہے۔
مجموعی طور پر 42 ہزار سے زائد افراد مرض میں مبتلا ہیں۔ وائرس سے نمٹنے کے لیے چین سمیت کئی ممالک میں طبی ماہرین ویکسین تیار کرنے میں مصروف ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کی ٹیم بھی کورونا وائرس پر قابو پانے میں معاونت کے لئے چین میں موجود ہے۔