کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں قومی اسمبلی میں ایک دن کی بحث سے مہنگائی کا حل نہیں نکلے گا، پہلی بار ملک میں آٹے کا بحران پیدا ہوا۔
بلاول کا کہنا ہے کہ حکومت کیخلاف احتجاج کا اعلان کرتے ہیں تو نیب کا نوٹس آجاتا ہے، کیا جیلیں صرف جمہوریت پسند سیاست دانوں کیلئے ہیں؟ جیلیں دہشت گردوں اور مجرموں کے لیے نہیں؟
واضح رہے کہ مہنگائی سے تنگ غریبوں کیلئے وزیراعظم نے گھی، دالیں، چینی اور چاول سستے کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وفاقی کابینہ اٹھارہ ارب کے ریلیف پیکج کی منظوری آج دے گی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کے اجلاس میں وزیراعظم نے اشیاء خوردونوش کو 10 سے 25 فیصد سستا فروخت کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیر اعظم نے فروری سے جون تک ہر ماہ یوٹیلیٹی اسٹور کو 2 ارب روپے سبسڈی کی مدمیں دینے کا فیصلہ کیا۔ ملک بھر کے سات ہزار ہوٹیلیٹی اسٹورز پر سستی اشیاء دستیاب ہوں گی۔
پہلا پیکج جون تک ہوگا، جولائی میں نیا پیکج آئے گا، تین چار قسم کے چاول، تین سے چار قسم کا آئل اور گھی اور اعلیٰ معیار کا آٹا یوٹیلیٹی اسٹورز پر سستا ملے گا۔
وفاقی حکومت نے 2 لاکھ ٹن گندم خریدنے کی ہدایت جاری کردی ہیں۔ چینی ہر ماہ 25 ہزار ٹن، دالیں 30 ہزار ٹن فروخت ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اپوزیشن کی جانب سے ہونے والی تنقید پرجواب دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں پیدا ہونے والے حالیہ آٹا بحران سے جہانگیر ترین کا کوئی تعلق نہیں۔