Aaj Logo

شائع 09 فروری 2020 04:49am

گھروں کے نلکوں میں بھی شراب آنے لگی، علاقہ مکین دم بخود رہ گئے

نئی دہلی: بھارتی ریاست کیرالہ میں ایک عجیب واقعہ پیش آیا جہاں گھروں کے نلکوں سے پانی کے بجائے شراب آنے لگی، جس پر لوگ حیران پریشان رہ گئے اور اس پریشان کن صورتحال کی وجہ سے کئی بچے اسکول تو متعدد بڑے اپنی ملازمتوں پر نہیں جاسکے۔

بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق پیر کی صبح پیش آنے والی یہ اچانک پریشانی لوگوں کیلئے اس وقت ایک درد سر بن گئی جب انہیں معلوم ہوا کہ جو کنواں ان کو پانی کی فراہمی کا واحد ذریعہ تھا وہ شراب سے آلودہ ہوگیا تھا۔

ہوا کچھ یوں کہ محکمہ ایکسائز کے اہلکاروں نے 6 ہزار لیٹر غیرقانونی شراب کو ٹھکانے لگانے کی عجیب و غریب حکمت عملی اختیار کی اور اٹھارہ اپارٹمنٹس کے ایک پلازہ کے نزدیک بڑا سا گڑھا کھود کراس میں شراب انڈیل دی، جو رستے رستے قریب ہی لگے واٹر پمپس میں جانے لگی اور پھر لوگوں کے نلکوں سے جاتے پانی کے ساتھ شامل ہوگئیں۔

ایک مقامی شہری کے مطابق صبح صبح ان کے کرائے دار نے محسوس کیا کہ ان کے باورچی خانے کے نلکے سے شراب کی بو والا گدلی رنگت کا پانی آ رہا ہے۔

جوشی ملیاکل نامی شہری نے مزید بتایا کہ مختلف شرابوں کا چھ ہزار لیٹر یہ آمیزہ رس رس کر زیر زمین پانی کے ذخیرہ میں شامل ہو گیا جہاں سے پمپوں کے ذریعے اس اٹھارہ اپارٹمنٹس پر مشتمل بلڈنگ کوپینے کا پانی فراہم کیا جا رہا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ شراب ملے پانی کی سپلائی کی وجہ سے اس عمارت میں رہنے والوں کا کوئی بچہ اسکول اور ان کے والدین کام پر نہیں جا سکے۔

پریشانی کی حالت میں لوگوں نے مقامی میونسپل حکام اور پولیس سے رابطہ کیا۔

اس صورتحال کے سامنے آنے کے بعد محکمہ ایکسائز کے حکام کو اپنی غلطی کا احساس ہوا اور انہوں نے فوری طور لوگوں کو پانی فراہم کا متبادل بندوست کرنے کی پیش کش کی۔

کیرالہ میں کنوؤں سے پانی کی فراہمی بہت عام ہے اور یہاں پائپ کے علاوہ کنویں پانی کی فراہمی کا ایک بڑا متبادل ہیں۔

رپورٹس کے مطابق تین دن سے کنویں کی صفائی جاری ہے تاہم پانی صاف نہیں ہورہا۔

Read Comments