گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مشتاق مہر کو آئی جی سندھ تعینات کیے جانے کی تردید کی ہے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ابھی آئی جی سندھ کیلئے کسی کے نام کو حتمی شکل نہیں دی گئی ہے۔
پہلے خبریں گردش کررہی تھیں کہ وفاق اور سندھ کے درمیان نئے آئی جی کی تعیناتی پر اتفاق رائے ہوگیا ہے ۔ اور نئے آئی جی کیلئے مشتاق مہر کا نام سامنے آیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق مشتاق مہر کا نام سندھ حکومت کی جانب سے آئی جی کیلئے وفاق کو سفارش کیا گیا تھا۔
ذرائع نے مزید کہا ہے کہ اس حوالے سے نوٹی فکیشن آئندہ اڑتالیس گھنٹوں میں جاری کیے جانے کا امکان ہے ۔ اور اس حوالے سے وفاق نے سندھ حکومت کو آگاہ بھی کردیا ہے۔
پہلے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو کلیم امام کو آئی جی سندھ کے عہدے سے ہٹانے کیلئے خط لکھا گیا تھا اور خط میں انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ وفاق سندھ میں ان کی طرف سے سفارش کردہ آئی جی تعینات کرے۔
تاہم اب اس حوالے سے تردید کردی گئی ہے کہ مشتاق مہر کو آئی جی سندھ تعینات کردیا گیا ہے۔