اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے مقبوضہ وادی میں آزاد سوچ اور رائے کا گلا گھونٹا جا رہا ہے، سوچ اور جذبوں کو قید نہیں کیا جا سکتا۔
نیشنل پریس کلب میں یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب سے خطاب میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں صرف انسان ہی نہیں قلم بھی قید ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ وادی میں آزاد سوچ اور رائے کا گلا گھونٹا جا رہا ہے، بھارت نہیں چاہتا کہ اس کی ریاستی دہشتگردی دنیا پر عیاں ہو۔
انہوں نے کہا کہ سوچ اور جذبوں کو قید نہیں کیا جا سکتا، ظلم اور جبر سے آزادی کی تحریک کو نہیں کچلا جا سکتا۔
معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان کی صحافتی برادری کشمیر کے مقید صحافیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے دنیا پر بھارتی جعلی سیکولرازم کا پردہ فاش کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو پیش کی گئی یاد داشت میں مقبوضہ کشمیر میں ظلم کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔ بھارت فی الفور مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھا کر کشمیریوں کو ان کا حق دے۔