لندن: جراثیم کش محلول "ڈیٹول" کی بوتل پر لکھا دیکھا گیا ہے کہ یہ کورونا وائرس کو بھی ختم کرسکتا ہے۔ لیکن اب سائنس دانوں نے اس کے برعکس انکشاف کر دیا ہے۔
میل آن لائن کے مطابق برطانوی سائنس دانوں نے اپنی تحقیق میں بتایا ہے کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ ڈیٹول "ہیومن کورونا وائرس" کو ختم کر سکتا ہے۔
سائنس دانوں کی اس تحقیق سے سوشل میڈیا پر جاری کئی طرح کی افواہوں کا بھی خاتمہ ہوگیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق لوگ سوشل میڈیا پر یہ بحث کر رہے تھے کہ کورونا وائرس نیا کیسے ہو سکتا ہے، جبکہ ڈیٹول کی بوتل پر سالہا سال سے لکھا آرہا ہے کہ یہ ہیومن کورونا وائرس کو ختم کر سکتا ہے؟
کئی لوگ تو شک کا اظہار کر رہے ہیں، جیسا کہ ایک شخص نے لکھا کہ ڈیٹول کی بوتل پر لکھا ہے کہ یہ کورونا وائرس کو ختم کر سکتا ہے۔ کمپنی کو پہلے ہی یہ کیسے پتا تھا کہ کورونا وائرس پھیلنے والا ہے؟
یونیورسٹی آف نارتھ ہیمپٹن کے سائنس دانوں نے ان افواہوں اور شکوک و شبہات کا خاتمہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کورونا وائرس کی کئی اقسام اس سے پہلے موجود تھیں۔ تاہم یہ بھی ثابت نہیں ہو سکا کہ ڈیٹول ان پہلے پائی جانے والی کورونا وائرس کی اقسام کا خاتمہ کر سکتا ہے۔
ووہان سے پھیلنے والا کورونا وائرس اس کی ایک نئی اور زیادہ خطرناک قسم ہے جو سانپ اور چمگادڑ میں پائے جانے والے اسی نوع کے وائرسز کے ملاپ سے بنی ہے۔