لاہور: بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان 2 فروری کو کیا جائے گا، پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
پاک بنگلادیش ٹیسٹ سیریز کیلئے چیف سلیکٹر مصباح الحق کی سربراہی میں سلیکشن کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ممکنہ قومی اسکواڈ پر مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں اس بات پراتفاق کیا گیا کہ قومی اسکواڈ فائنل کرنے سے قبل 3 روزہ پریکٹس میچ کروا کے کھلاڑیوں کی فٹنس اور فارم کا جائزہ لیا جائے گا، پریکٹس میچ 30 جنوری سے یکم فروری تک قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جس کے اگلے روز ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔
سلیکشن کمیٹی نے 19 کرکٹرز کو کیمپ میں مدعو کر رکھا ہے، ان میں سے 16 کرکٹرز این سی اے میں ٹریننگ میں مصروف رہے۔
ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم، وکٹ کیپر محمد رضوان اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے بھی کیمپ جوائن کرلیا۔