پشاور: بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان کی کزن 54 سالہ نورجہاں طویل عرصے تک بیمار رہنے کے بعد پشاور میں انتقال کر گئیں۔
انتقال سے قبل نورجہاں کی خواہش تھی کہ وہ ایک بار پھر شاہ رخ خان کو دیکھیں اور وہ چاہتی تھیں کہ بولی وڈ اداکار ان کے پاس آئیں لیکن ایسا نہ ہوسکا۔
نورجہاں کے خاندانی ذرائع نے تصدیق کی کہ انہوں نے بیماری کے وقت شاہ رخ خان سے ملنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا تاہم ایسا ممکن نہیں ہوسکا۔
نورجہاں کو "منی" بھی کہا جاتا تھا، وہ شاہ رخ خان کے چچا کی بیٹی تھیں اور دونوں کے درمیان تین سے چار بار ملاقات بھی ہوچکی تھی۔
نورجہاں 2018 میں اس وقت اچانک خبروں میں آگئی تھیں جب انہوں نے ڈان نیوز ویب سائٹ کو ایک انٹرویو کے دوران پشاور سے انتخابات لڑنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
نورجہاں نے میڈیا کو بتایا کہ شاہ رخ خان ان کے سگے کزن ہیں جو ان کے چچا تاج محمد کے بیٹے ہیں، جو پشاور سے پڑھائی اور روزگار کے سلسلے میں متحدہ ہندوستان کے وقت دہلی منتقل ہوئے تھے۔ اس دوران برصغیر کی تقسیم ہوگئی تو وہ وہیں رہ گئے۔
نورجہاں کے مطابق ان کے آباؤاجداد کا تعلق وادی کشمیر سے تھا جو 1895 میں ہجرت کرکے پشاور آئے تھے تاہم متحدہ ہندوستان کے وقت قیام پاکستان سے قبل شاہ رخ خان کے والد ممبئی گئے تو وہیں رہ گئے اور وہیں ان کا خاندان بڑھا۔
انہوں نے انٹرویو میں بتایا تھا کہ شاہ رخ خان 1978 اور 1980 میں دوبار پشاور آئے تو ان دونوں کی ملاقات ہوئی تھی اور اس وقت ان کی اور شاہ رخ خان کی عمریں 13 سے 14 برس تھیں۔
جہاں شاہ رخ خان اپنی کزن سے ملنے پاکستان آئے تھے وہیں نورجہاں بھی شاہ رخ خان اور ان کے اہل خانہ سے ملنے کے لیے متعدد بار بھارت گئی تھیں اور وہ ہر بار شاہ رخ خان کے لیے پشاور سے چپل سمیت دیگر تحائف لے جاتی تھیں۔