لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ہمارے لئے جیتنا ضروری تھا جس پر خوشی ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ نوجوان بولرز کو کریڈٹ دینا چاہیئے جنہوں نے اچھا پرفارم کیا۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ ابھی بہت دور ہے پہلے کافی کرکٹ ہے، ابھی بہت سی چیزوں کو دیکھ رہے ہیں۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ جب شعیب ملک اور محمد حفیظ ٹیم میں نہیں تھے تو اس وقت بھی کہا تھا کہ ان کا کیرئیر ختم نہں ہوا، جب تک کوئی کھلاڑی فٹ اور فارم میں ہو اس کو کھلانا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ شعیب ملک اور محمد حفیظ دونوں فٹ اور فارم میں ہیں، دونوں کھلاڑیوں کا تجربہ بھی ٹیم کے کام آرہا ہے۔
مصباح نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کے لئے اسپنرز کو کھیلنے میں مشکل ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم نے موسی ، عماد بٹ اور عثمان قادر کو کھلانے کا پلان کیا تھا، پی ایس ایل کے بعد ہمارے پاس اپریل کے بعد 2 ماہ کا وقت ہوگا جس میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔