کراچی: سندھ کابینہ کے اجلاس میں جرائم اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کو روکنے کے لیے موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 میں ترمیم کی گئی ہے، جس کے مطابق نئی بائیک خریدنے والوں کو موٹرسائیکل میں ٹریکر لگوانا اب لازم ہوگا۔
آرڈیننس میں ترمیم کا فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت سندھ کابینہ اجلاس میں کیا گیا۔ سید مراد علی شاہ نے ترمیم کی منظوری دے دی جس کے بعد ٹریکر نصب کروانے کی شرط قانون کی شکل اختیار کرگئی۔
آرڈیننس کے مطابق نئی موٹرسائیکل خریدنے والے کو اپنی بائیک میں ٹریکر لازمی نصب کروانا ہوگا جبکہ پرانی بائیک کے مالک کو اس معاملے میں استحقاق دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق صوبے میں اس وقت 44 لاکھ موٹرسائیکلیں موجود ہیں۔ سندھ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بورڈ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ٹریکر لگی موٹر سائیکلوں کی ہی رجسٹریشن کریں۔