Aaj Logo

شائع 25 جنوری 2020 09:01am

' پنجاب میں کوئی فارورڈ بلاک ہے، نہ پریشر گروپ'

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اختلاف کا پراپیگنڈا کرنے والوں کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہوں گے۔ پنجاب میں کوئی فارورڈ بلاک ہے، نہ پریشر گروپ۔ حکومت کے تمام سٹیک ہولڈرز ایک صفحے پر ہیں۔

لاہور میں پاکستان تحریک اںصاف کے سینئیر رہنما جہانگیر ترین سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ برس میں وہ کام کئے جو ماضی کی حکومتیں برسوں میں نہ کرسکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت سب کو ساتھ لے کر چل رہی ہے۔ افواہیں پھیلانے والے پہلے بھی ناکام رہے اور اب بھی ناکام رہیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف متحد ہے۔

اس موقع پر جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے۔ سازشیں کرنے والے پیچھے رہ جائیں گے اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان آگے بڑھتا جائے گا۔

دوسری جانب صوبائی وزیر قانوں راجہ بشارت نے کہا ہے کہ پنجاب میں فارورڈ بلاک کا مسئلہ آئندہ چند دنوں میں حل کر لیا جائے گا، فارورڈ بلاک بنانے والوں کو وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے اختلاف نہں ہے، ان کے اپنے حلقوں کے مسائل ہیں جو جلد حل ہو جائیں گے۔

صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کہتے ہیں صحافیوں اور  حکومت کے تعلقات میں رخنہ ڈالنے کی کسی کو ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

Read Comments