Aaj Logo

اپ ڈیٹ 23 جنوری 2020 07:59am

پی ٹی وی فیس ماہانہ 35 سے بڑھا کر 100 روپے کرنے کا منصوبہ

اسلام آباد: سرکاری ادارے پاکستان ٹیلی ویژن نے عوام سے 20ارب روپے اکٹھے کرنے کا منصوبہ بنا لیا ہے، جس کے تحت بجلی کے بلوں میں پی ٹی وی فیس 35 سے بڑھا کر 100 روپے کر دی ہے۔

پی ٹی وی بورڈ آف ڈائیریکٹر نے فنانشل پلان کی منظوری دے دی، دستاویز کے مطابق بجلی صارفین سے پی ٹی وی فیس 35 سے بڑھا کر 100 روپے ماہانہ کی جائے گی۔

پی ٹی وی بجلی صارفین سے سالانہ 7 ارب روپے وصول کر رہا ہے۔ بجلی صارفین سے پی ٹی وی فیس 35 روپے وصول کی جاتی ہے جسے بڑھا کر اب 100 روپے کر دیا گیا ہے۔

وفاقی کابینہ اور وزیراعظم سے منظوری کے بعد اس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ جس کے بعد چاہے کوئی پی ٹی وی دیکھے یا نہ دیکھے بجلی کے بلوں میں 100روپے پی ٹی وی فیس کی مد میں ادا کرنے ہوں گے۔

پی ٹی وی بورڈ آفر ڈائریکٹر کی میٹنگز میں پی ٹی وی کو ہونے والے خسارے کا بھی جائزہ لیا گیا۔

خیال رہے کہ دو 15 دسمبر 2018ء کو شائع ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ گزشتہ دس سالوں کے دوران پاکستان ٹیلی ویژن کو 8 ارب 22 کروڑ روپے سے زائد کا منافع ہوا ہے، جبکہ 2017-18 میں پاکستان ٹیلی ویژن کے تمام چینلوں کی آمدنی 9 ارب 19 کروڑ دس لاکھ روپے رہی اور اخراجات 9 ارب 62 کروڑ 67 لاکھ سے زائد رہے۔

پی ٹی وی ہوم کے علاوہ تمام چینلز کی آمدن سے زائد کے اخراجات ہیں۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق گزشتہ دو سالوں میں پی ٹی وی نے آمدن سے زائد کے اخراجات کئے ہیں اس میں تقریباً ڈیڑھ سال ن لیگ کا دور رہا ہے، جبکہ باقی نگران حکومت اور پی ٹی آئی کی حکومت رہی۔

پاکستان ٹیلی ویژن نے اپنے تمام چینلوں سے ٹی وی فیس کی مد میں سات ارب 39 کروڑ 83 لاکھ روپے وصول کئے ہیں جبکہ کمرشل اور دیگر ذرائع سے ایک ارب 79 کروڑ 29 لاکھ روپے وصول کئے تھے۔

2017-18ء میں پی ٹی وی نے 9 ارب 62 کروڑ 67 لاکھ روپے کے اخراجات کئے جو آمدن سے 43 کروڑ 54 لاکھ روپے سے زائد کے بنتے تھے۔ پی ٹی وی ہوم سے ٹی وی فیس کی مد میں 6 ارب 64 کروڑ 92 لاکھ روپے سے زائد وصول کئے اور کمرشل و دیگر سے ایک ارب 17 کروڑ 95 لاکھ روپے سے زائد وصول کئے ہیں، جبکہ اخراجات پانچ ارب 81 کروڑ 80 لاکھ روپے کے کئے ہیں۔ پی ٹی وی نیوز سے ٹی وی فیس کی مد میں 11 کروڑ 56 لاکھ سے زائد کی رقم وصول کی ہے کمرشل و دیگر سے 12 کروڑ 18 لاکھ سے زائد روپے وصول کئے ہیں جبکہ اخراجات ایک ارب 82 کروڑ سے زائد کئے گئے ہیں۔

Read Comments