کنبرا: اللہ سُبحانہُ وتعالیٰ نے انسان کو الفاظ کے زریعے بولنے اور اپنے احساسات کا اظہار کرنے کی طاقت دی ہے، اور ہم سمجھتے تھے کہ دیگر جاندار اس خاصیت سے محروم ہیں۔
لیکن اب سائنس دانوں نے نئی تحقیق میں گائے کے متعلق ایسا حیران کن انکشاف کر دیا ہے کہ سن کر آدمی دنگ رہ جائے۔
ڈیلی میل کے مطابق تحقیق میں آسٹریلیا کے سائنس دانوں نے بتایا ہے کہ گائے ایک دوسرے کے ساتھ خوراک اور موسم کے متعلق باتیں بھی کرتی ہیں اور اپنی مخصوص "مو" کی آواز میں اپنے جذبات کا بھی اظہار کرتی ہیں۔
اس تحقیق میں سائنس دانوں نے گائیوں کی آواز کی پِچ اور دیگر پہلوﺅں کو پرکھا اور ان کو درپیش صورتحال سے اس کا موازنہ کیا۔
نتائج میں یہ انکشاف ہوا کہ ایک جیسی صورتحال میں گائیوں نے ایک جیسی آوازیں نکالی تھیں۔ مثال کے طور پر جب موسم خراب ہو رہا تھا تو مختلف گائیوں کی آواز کی پِچ وغیرہ ایک جیسی تھیں۔
یونیورسٹی آف سڈنی کے سائنس دانوں نے اس تحقیق کے لیے گائیوں کی مختلف آوازیں ریکارڈ کیں اور ایک خاص سافٹ تیار کیا جسے "گوگل ٹرانسلیٹ فار کاؤز" (Google Translate for Cows) کا نام دیا گیا ہے۔
سائنس دانوں نے ریکارڈ کی گئی گائیوں کی آوازوں کو اس سافٹ ویئر کے ذریعے پرکھا اور یہ جاننے کی کوشش کی کہ وہ ان آوازوں کے ذریعے کس چیز کا اظہار کر رہی ہیں۔
سائنس دانوں کے مطابق آوازوں کے اس فرق کو گائے پالنے والے کسان بخوبی پہچان لیتے ہیں اور انہیں کسی حد تک سمجھ آ جاتی ہے کہ گائے کو کیا صورتحال درپیش ہے۔
تحقیقاتی ٹیم کی سربراہ الیگزینڈرا گرین کا کہنا تھا کہ "ہماری تحقیق میں پتا چلا کہ گائے ایک دوسرے کے ساتھ باتیں بھی کرتی ہیں۔ وہ اپنی ان باتوں میں خوراک اور موسم کے متعلق دوسری گائیوں کو آگاہ کرتی ہیں۔ یہی نہیں بلکہ وہ منفی اور مثبت نوعیت کی جذباتی صورتحال پر ردعمل بھی ظاہر کرتی ہیں اور اپنی آواز کے ذریعے اس ردعمل سے دوسری گائیوں کو آگاہ کرتی ہیں۔"