جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے بیس اراکین اسمبلی نے گروپ تشکیل کر لیا۔ ایم پی اے سردار شہاب الدین کہتے ہیں کہ ہم سب نے حلف لیا ہے کہ ہم میں کوئی بھی اکیلا عہدیداران سے ملاقات نہیں کرے گا، وزیراعلیٰ پنجاب سے ان کے گروپ کی دو ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔
آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی سردار شہاب الدین کا کہنا تھا کہ اپنے علاقے کی ترقی کیلئے جنوبی پنجاب کے 20 اراکین اسمبلی نے دو بار وزیر اعلی پنجاب سے ملاقات کی ہے۔ جس میں صوبے کے دوسرے اضلاع کی طرح اپنے علاقوں کی ترقی پر بات کی گئی۔ ہم 20 اراکین اسمبلی نے اکٹھے رہنے کا فیصلہ کیا ہے اور سب نے حلف لیا ہے کہ علاقے کی ترقی کیلئے بھی اگر کسی کو ملاقات کیلئے اکیلا بلایا گیا تو نہیں جائیں گے۔
سردار شہاب الدین کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم، وزیر اعلی یا بیوروکریسی سے انہیں کوئی شکایت نہیں ہے جبکہ وزیر اعلی نے ہمیں 20، 20 کروڑ کے ترقیاتی فنڈز بھی فراہم کئے ہیں۔ ہم سب نے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا اور آج بھی ہم سب پارٹی کے ساتھ ہیں۔