Aaj Logo

شائع 20 جنوری 2020 03:15pm

وزیر اعظم عمران خان کی امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات طے

وزیراعظم عمران خان ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کیلئے کل تین روزہ دورے پرڈیووس روانہ ہونگے ۔ سوئٹزرلینڈ کے شہرڈیووس میں شروع ہونے والے ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان اورامریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات طے ہوگئی ہے ۔

 وزیراعظم عمران خان 21 سے 23 جنوری تک ڈیووس ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کریں گے۔

دفترخارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ جولائی 2019ء کے بعد وزیراعظم عمران خان اورڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان یہ تیسری ملاقات ہوگی۔اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان کی ڈیووس ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پردیگرعالمی اداروں کے رہنماؤں، کارپوریٹ بزنس اور ٹیکنالوجی کے ایگزیکٹو سے بھی ملاقاتیں ہوں گی ۔

وزیراعظم ورلڈ اکنامک فورم کے ایگزیکٹو چیئرمین کی دعوت پر اجلاس میں شرکت اورفورم کے خصوصی سیشن سے خطاب کریں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق عمران خان اس اہم اجلاس کے موقع پر کارپوریٹ لیڈرزاورسی ای اوز سے بات چیت بھی کریں گے۔ دفترخارجہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سائیڈ لائنزپروزیراعظم کی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں طے ہوچکی ہیں ۔ وہ ورلڈ اکنامک فورم میں عالمی میڈیا کوانٹرویوز دیں گے جبکہ سینئر ایڈیٹرزسے بھی بات چیت کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان اس اہم عالمی اجلاس کے موقع پر مقبوضہ کشمیرکی موجودہ صورتحال پرپاکستانی موقف دیں گے جبکہ معیشت، کاروباراور سرمایہ کاری پر اپنا وژن دنیا کے سامنے رکھیں گے ۔

Read Comments