پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور موجودہ مایہ ناز کمنٹیٹر رمیز راجہ، شعیب ملک اور محمد حفیظ کی واپسی پر سلیکشن کمیٹی پر برس پڑے۔
انہوں نے بنگلادیش کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے اعلان کردہ اسکواڈ پر قومی سلیکشن کمیٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔
انہوں نے کہا کہ سلیکشن کی بنیاد بچت 'یعنی ہمیں بچالو ہے' دونوں کھلاڑیوں کی سلیکشن کو رمیز راجہ نے 'ہم مزید شکست براشت نہیں کرسکتے' قرار دیا۔
سابق کپتان نے مزید کہا کہ 2 ایسے کھلاڑی جن کی عمر 38 سال ہوچکی ہے (وہ اپنی بیسٹ کرکٹ پہلے ہی کھیل چکے ہیں) انہیں ٹیم میں واپس لایا گیا ہے اور وجہ بتائی گئی ہے کہ یہ دونوں تجربہ فراہم کریں گے اور اسی تجربے کے ذریعے میچز جتوائیں گے۔
رمیز راجہ نے یہ بھی کہا کہ اگر صرف تجربے کی بات تھی تو انہی دونوں کھلاڑیوں کو آسٹریلیا کے دورے پر بھی بھیجنا چاہیئے تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا اور نوجوان کھلاڑیوں کو بلی کا بکرا بنادیا گیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے ذاتی طور پر شعیب ملک اور محمد حفیظ سے کوئی گلہ نہیں ہے کیونکہ ان دونوں نے ملک کیلئے طویل عرصے کافی اچھے طریقے سے اپنی خدمات پیش کیں لیکن اگر ٹیم کا نیا تھنک ٹینک اس طرح سلیکشن کرے گا تو پاکستان کرکٹ کا اللہ ہی حافظ ہے۔