Aaj Logo

اپ ڈیٹ 02 جنوری 2020 06:32am

'گرین لائٹ ہونے تک پاکستان کے دشمن کو لعنت دیں'

کراچی: شہر قائد میں ایک بار پھر بینرز آویزاں ہوئے ہیں لیکن اس بار یہ بینرز کسی ملکی شخصیت کے خلاف نہیں بلکہ بھارتی وزیراعظم کی مخالفت میں لگائے گئے ہیں۔

کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر کے مرکزی جوہر چورنگی سگنل پر منگل کی شب بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی مخالف پوسٹر آویزاں ہوئے ہیں جن میں مودی کو "پاکستان کا دشمن" کہا گیا ہے۔

یہ پوسٹرز کس ادارے، تنظیم یا گروپ کی جانب سے لگائے گئے ہیں اس حوالے سے ابھی تک کچھ معلوم نہیں ہو سکا اور ضلعی انتظامیہ بھی اس معاملے سے لا علم ہے تاہم ایک عہدیدار کے مطابق ان پوسٹرز کو آویزاں کرنے کی کوئی تحریری اجازت نہیں لی گئی۔

نیو ایئر نائٹ پر لگائے گئے ان پوسٹرز پر تحریر کردہ عبارت میں لوگوں کو ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کرنے اور ٹریفک سگنل پر انتظار کرنے کی تلقین کے ساتھ ساتھ اس دوران بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو برا بھلا کہنے کا بھی کہا گیا ہے۔

کچھ پوسٹرز پر مودی کو "ظالم اور کشمیریوں کا قاتل" کہا گیا ہے اور لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ان مظالم کے خلاف آواز اٹھائیں اس سے پہلے کہ دیر ہو جائے۔

ان پوسٹرز پر ہیش ٹیگ see it# لکھا ہوا ہے جو اس سے پہلے کسی تنظیم یا ادارے نے اپنی پہچان کے طور پر استعمال نہیں کیا۔

خیال کیا جارہا ہے کہ ان پوسٹرز کے ذریعے لوگوں کی توجہ انڈین حکومت کی جانب سے کشمیریوں اور بھارت میں بسنے والے مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک کی طرف مبذول کروائی گئی ہے۔

ان پوسٹرز کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہورہی ہیں اور ان پر تبصرے کیے جارہے ہیں۔

گلستان جوہر کے رہائشیوں کہنا ہے کہ یہ پوسٹرز رات گئے آویزاں کیے گئے ہیں کیونکہ رات 12 بجے کے قریب تو یہ پوسٹرز نہیں تھے۔

یہ پوسٹرز ابھی بھی آویزاں ہیں اور سوشل میڈیا پر صارفین اس حوالے سے مختلف رائے کا اظہار کررہے ہیں۔

کچھ صارفین نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا ایسا کرنے سے مسائل حل ہوجائیں گے؟ جبکہ کچھ کا ماننا ہے کہ مودی کو برا بھلا کہنے سے مسائل حل ہوں نہ ہوں کم سے کم دل کو تسلی اور قلبی اطمینان تو حاصل ہوگا۔

Read Comments