عیسائی دُنیا کے سب سے بڑے مذہبی پیشوا پاپائے روم اکثر لوگوں کو صبر و تحمل، برداشت، بردباری اور عفو درگذر کی تلقین کرتے ہیں۔ مگر حال ہی میں پیش آنے والے ایک معمولی واقعے میں وہ خود بھی صبر کا دامن ہاتھ سے چھوڑ بیٹھے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق پوپ فرانسس بدھ کے روز ویٹیکن کے سینٹ پیٹرس اسکوائر میں سب سے ہاتھ ملا رہے تھے۔ اس دوران ایک خاتون نے رکاوٹ کے لیے کھڑی کی گئی باڑ سے ہاتھ آگے بڑھا کر انہیں اپنی طرف زور سے کھینچنے کی کوشش کی۔
یہ منظر عالمی میڈیا میں دیکھا گیا۔ جس پر پاپائے روم سخت برہم ہوئے اور انہوں نے اس خاتون کا نہ صرف ہاتھ جھٹک دیا بلکہ اس کے ہاتھ پر تھپڑ بھی مارا۔
اس واقعے کا ویڈیو کلپ تیزی کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا اور اگلے روز پوپ کو اس پر معذرت کرنا پڑی۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون نے پوپ کا ہاتھ پکڑا تو ان کے چہرے کا رنگ سرخ ہوگیا اور وہ اس پر سخت برہم ہوئے۔
٭ پوپ کی معذرت
پوپ فرانسس نے اگلے روز ویٹیکین کی ایک بالکونی پر نمو دار ہونے کے بعد وہاں پر موجود لوگوں سے کہا کہ 'اکثر ہم اپنا صبر کھو دیتے ہیں۔ یہ میرے ساتھ بھی ہوتا ہے۔ میں کل کی بری مثال کے لیے معذرت خواہ ہوں۔'