Aaj Logo

اپ ڈیٹ 02 جنوری 2020 06:31am

بدنام زمانہ تنظیم بلیک واٹر کے سربراہ بڑی مشکل میں پھنس گئے

نیویارک: بدنام زمانہ امریکی تنظیم بلیک واٹر کے سربراہ ایرک پرنس بڑی مشکل میں پھنس گئے ہیں۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ایرک پرنس نے حال ہی میں وینزویلا کا دورہ کیا جہاں انہوں نے صدر نکولس میڈورو کی حکومت کے اعلیٰ عہدیدار سے ملاقات کی۔

امریکا کی طرف سے وینزویلا پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں اور ایرک پرنس کی اس ملاقات کو ان پابندیوں کی خلاف ورزی گردانا گیا ہے، جس پر ان کے خلاف تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق تحقیقات کے لیے ایرک پرنس کو امریکا ٹریژری ڈیپارٹمنٹ کو ریفر کر دیا گیا جس کے حکام تعین کریں گے کہ ایرک پرنس کی اس ملاقات سے امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی ہوئی ہے یا نہیں۔

دو سینئر امریکی حکام کا کہنا تھا کہ تاحال اس حوالے سے کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ ایرک پرنس پر بھی پابندیاں عائد ہوتی ہیں یا نہیں۔ اس کا فیصلہ ٹریژری ڈیپارٹمنٹ کی تحقیقات کے بعد ہو گا۔

واضح رہے کہ ایرک پرنس امریکی ری پبلکن پارٹی اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بڑے ڈونر ہیں اور ان کی بہن بیسٹی ڈیووس اس وقت ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت میں امریکا کی وزیرِ تعلیم کے منصب پر فائز ہیں۔

Read Comments