Aaj Logo

اپ ڈیٹ 01 جنوری 2020 07:13am

نِسان موٹرز کے سابق چیئرمین صندوق میں چُھپ کرجاپان سے فرار

نِسان موٹرز کے سابق چیئرمین کارلوس غصن آلاتِ موسیقی کے ایک صندوق میں چُھپ کر جاپان سے فرار ہو کر لبنان پہنچ گئے ہیں۔

لبنان کے ٹیلی ویژن اسٹیشن ایم ٹی وی نے منگل کے روز اطلاع دی ہے کہ گلوکاروں اور موسیقی کاروں کا ایک دستہ جاپان میں کارلوس غصن کے مکان میں یہ کہہ کر داخل ہوا تھا کہ وہ ایک عشائیے کے دوران میں لوگوں کی تفریح طبع کے لیے اپنے فن کا جادو جگائے گا۔

زرائع ابلاغ کے مطابق اس تقریب کے بعد غصن موسیقی کے آلات کو رکھنے والے ایک صندوق میں چھپ گئے اور پھر ایک مقامی ہوائی اڈے سے جاپان سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نِسان موٹرز کے سابق چیئرمین کے لبنان میں پہنچنے کے کئی گھنٹے کے بعد جاپان سے ان کے فرار کی خبر منظرعام پر آئی تھی۔

بیروت میں متعیّن جاپانی سفیر کو ان کی لبنان میں موجودگی کے بارے میں مطلع کردیا گیا ہے۔

کارلوس غصن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ میں اس وقت لبنان میں ہوں، میں اب جاپان کے آلودہ عدالتی نظام کا یرغمالی نہیں رہوں گا۔ اس نظام میں گناہ کو فرض کیا جاتا ہے، امتیازی سلوک عام ہے اور بنیادی انسانی حقوق سے انکار کیا جاتا ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ میں انصاف سے فرار نہیں ہوا ہوں، میں نے ناانصافی اور سیاسی انتقام سے راہِ فرار اختیار کی ہے۔ میں اب آزادانہ طور پر میڈیا سے ابلاغ کرسکتا ہوں اور آیندہ ہفتے نئی شروعات کرنے کی تیاری کررہا ہوں۔

ایم ٹی وی نے ایک سرکاری ذرائع کے حوالے سے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ کارلوس غصن لبنان میں اپنے فرانسیسی پاسپورٹ پر قانونی طور پر داخل ہوئے ہیں اور حکام کے پاس انہیں ملک میں داخل ہونے سے روکنے کا کوئی جواز نہیں تھا۔

یہ بیان غصن کے وکیل جونی چیرو ہیروناکا کے آج ہی اس سے پہلے جاپان میں دیے گئے بیانات سے متصادم ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ان کے پاس ان کے مؤکل کے تین پاسپورٹس ہیں اور یہ ضمانت کی شرائط کے تحت درکار تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے مؤکل کا فعل ناقابلِ معافی ہے۔

واضح رہے کہ نِسان موٹرز کے سابق چیئرمین کے خلاف جاپان میں کمپنی میں بدعنوانیوں کے الزام میں مقدمہ چلایا جارہا ہے۔

Read Comments