نئی دہلی: بھارت میں ایک تامل ٹی وی اداکارہ نے اپنے سابق بوائے فرینڈ کو مار مار کر موت کے گھاٹ اتار ڈالا۔
خلیج ٹائمز کے مطابق اس 42 سالہ ٹی وی اداکارہ کا نام ایس دیوی ہے، جس نے بھارتی شہر چنئی میں اپنی بہن کے گھر اپنے سابق بوائے فرینڈ پر ہتھوڑے سے تشدد کیا، ہتھوڑے مار مار کر اس کا سر کچل ڈالا اور بعد ازاں خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس کے مطابق پولیس نے اداکارہ کے شوہر بی شنکر اور بہن ایس لکشمی اور لکشمی کے شوہر کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس کے مطابق 38 سالہ ایم روی نامی شخص کا اداکارہ کے ساتھ تعلق رہا تاہم اداکارہ نے بعد میں اس کے ساتھ لاتعلقی اختیار کرلی۔ روی اب ایک بار پھر اس کے ساتھ تعلق قائم کرنا چاہتا تھا اور ملاقات پر بضد تھا۔ تنگ آکر اداکارہ نے اسے اپنی بہن کے گھر بلایا اور وہاں قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ نے جب روی کے ساتھ تعلق قائم کیا اس وقت بھی شادی شدہ تھی۔ ان کا تعلق دو سال تک چلتا رہا اور پھر اداکارہ کے شوہر اور خاندان والوں کو اس کا علم ہو گیا اور وہ اسے تعلق ختم کرنے پر قائل کرنے میں کامیاب ہو گئے اور اداکارہ نے تعلق ختم کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اب اداکارہ نے اپنے شوہر، بہن اور بہنوئی کے ساتھ مل کر منصوبہ بندی کے تحت روی کو گھر پر بلایا اور دیگر لوگوں نے بھی روی کو قتل کرنے میں اس کا ساتھ دیا۔