لیاقت باغ میں جلسے سے ویڈیو میں پیغام میں سابق صدر زرداری نے کہا ہے کہ بی بی اور ذوالفقار بھٹو کو آمریت میں قتل کیا گیا، اور موجودہ حکومت سے ملک نہیں چلایا جارہا ہے۔
اسلامی ممالک کی پہلی خاتون وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی 12ویں برسی منائی جارہی ہےجبکہ پیپلزپارٹی آج لیاقت باغ میں جلسہ کر رہی ہے ۔
جلسے سے اپنے ویڈیو پیغام میں سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ بی بی اور ذوالفقار بھٹو کو آمریت کے دور میں قتل کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی آواز اٹھانے والوں کی آواز دبائی جاتی ہے ۔
سابق صدر نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت سے ملک نہیں چلایا جارہا ، جلد عوام کی حکومت لائیں گے۔
پیپلز پارٹی کی سابق چیئرپرسن محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی12ویں برسی آج منائی جارہی ہے،وہ 27دسمبر 2007کو لیاقت باغ راولپنڈی میں دہشت گرد حملے میں وہ شہید ہوگئیں تھیں۔
بینظیر بھٹو کی برسی پر ملک بھر میں تقاریب منعقد کی جا رہی ہیں۔
بی بی شہید کی برسی پر پیپلزپارٹی کی جانب سے لیاقت باغ میں سیاسی قوت کا مظاہرہ جاری ہے، جلسے سے مرکزی قیادت خطاب کر رہی ہے۔
جلسے کے لیے 100 فٹ لمبا اور 60 فٹ چوڑا اسٹیج سجا دیا گیا، شرکاء کےلیے کرسیاں بھی لگا دی گئی۔
اس سے قبل پیپلزپارٹی کی رہنما ءشیری رحمان نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا ۔
اس موقع پر شیر ی رحمان نے کہاکہ پیپلزپارٹی لیاقت باغ میں تاریخ ساز جلسہ کرے گی، چلو چلو لیاقت باغ چلو پورے ملک کا نعرہ بن چکا ہے ۔
جلسے کی سیکیورٹی کےلیے انتظامات کو بھی حتمی شکل دے دی گئی،5 ہزار کے قریب سیکیورٹی اہلکار فرائض سرانجام درہے ہیں۔
خواتین کے لیے جلسہ گاہ میں الگ جگہ مختص کی گئی ہے،6 بڑی اسکرینیں نصب ہیں اور ایک درجن سے زائد جنریٹرز بھی جلسہ گاہ پہنچ گئےجبکہ150 سے زائد اسپیکربھی لگا دیئے گئے۔
جلسے کی اجازت نہ ملنے پرپیپلزپارٹی کو عدالت سے رجوع کرنا پڑا ، لاہورہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے نہ صرف جلسے کی اجازت دی بلکہ سیکیورٹی اداروں کو جلسے کومحفوظ بنانے کے لیے اقدامات کرنے کا حکم بھی دیا ۔ ٹریفک پولیس نے متبادل راستوں کا پلان بھی جاری کردیا ۔