لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مخالفین کو کچلنے کے سوا کچھ نہیں کررہی، ان مشکلات سے نمٹنا جانتے ہیں۔ مریم نواز کو باہر نہ جانے دینا سیاسی انتقام ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج بانی پاکستان قائد اعظم اور میاں نواز شریف کی سالگرہ ہے، اپنے قائد کی صحت اور سلامتی کی دعا کرتے ہیں۔
سیالکوٹ میں قائداعظم محمد علی جناح، میاں نواز شریف اور کرسمس کے کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب میں خواجہ آصف نے کہا کہ وطن عزیز اور مسلم لیگ ن کے قائدین کو درپیش مشکلات سے نمٹنا جانتے ہیں، اللہ کی مدد سےان مشکلات سے سرخرو ہوں گے، ہم نے کوئی ایسا قدم نہیں اٹھایا جس سے جمہوریت اور آئین کو نقصان پہنچے، جبکہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے موجودہ حکومت نے سوائے مخالفین کو کچلنے کے لئے کچھ نہیں کیا۔