صوبائی حکومت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت کی میعاد ختم ہونے پر انکی درخواست ن لیگ کی جانب سے ملنے کی تصدیق کردی۔
وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کہتے ہیں نواز شریف کی درخواست مل گئی ۔ میڈیکل رپورٹ بھی ساتھ لگائی گئی ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ میڈیکل رپورٹس ملکی اور غیر ملکی اداروں کی جاری کردہ ہیں۔ ان کا مزیدکہنا تھا کہ رانا ثنااللہ کی ضمنانت پر عدالت نے جو فیصلہ بہتر سمجھا وہ کردیا۔
اس سے قبل نوازشریف کی ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر مسلم لیگ نون نے چیف سیکرٹری پنجاب کو درخواست جمع کروادی۔
درخواست کے ساتھ نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس بھی لگائی گئی ہیں، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ لندن میں نوازشریف کا علاج جاری ہے اور وہ اس بیماری کے باعث ابھی وطن واپس نہیں آ سکتے۔ نوازشریف کے قیام میں مدت میں توسیع کی درخواست پر فیصلے کیلئے پنجاب حکومت نے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
وزیر قانون پنجاب کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی میں چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری قانون بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ عدالت نے نواز شریف کو مزید ریلیف کیلئے حکومت پنجاب کو درخواست دینے کی ہدایت کی تھی اور عدلتی فیصلے کے تحت حکومت پنجاب کے فیصلہ تک نواز شریف ضمانت پر تصور ہوں گے۔