اسلام آباد: جسٹس گلزار احمد نے نئے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اُٹھا لیا، حلف برداری کی تقریب ایوانِ صدر میں منعقد کی گئی جہاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف جسٹس گلزار احمد سے حلف لیا۔ تقریب حلف برداری میں وزیراعظم پاکستان عمران خان اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی۔ چیف جسٹس گلزار احمد 2 سال ایک ماہ اور دس دن تک چیف جسٹس کے عہدے پر فائز رہیں گے۔ #JusticeGulzarAhmed takes oath as new Chief Justice of Pakistan https://t.co/ngf3QEG9Ma pic.twitter.com/hXUbr1dzyW — Radio Pakistan (@RadioPakistan) December 21, 2019 جسٹس گلزار احمد پاکستان کے 27 ویں چیف جسٹس ہیں۔ وہ ناصرف چوٹی کے وکیل رہے بلکہ بحیثیت جج بھی اعلیٰ روایات کے امین ہیں۔ ملکی تاریخ کے اہم ترین مقدمات کی سماعت کرنے والے بنچز کا بھی حصہ رہے۔ جسٹس گلزار احمد نے گریجویشن گورنمنٹ نیشنل کالج کراچی اور ایل ایل بی ، ایس ایم لا کالج کراچی سے کیا۔ جسٹس گلزار احمد 27 اگست 2002ء کو سندھ ہائیکورٹ جبکہ 16 نومبر 2011ء کو سپریم کورٹ کے جج بنے۔ جسٹس گلزار احمد پاناما بنچ کا حصہ رہے جبکہ کراچی میں چائنا کٹنگ اور قبضہ مافیا کے خلاف فیصلہ دیا۔ اس فیصلے کی روشنی میں 500 سے زائد غیر قانونی عمارتوں کو مسمار کیا گیا۔ ن لیگی رہنما طلال چودھری کی نااہلی سمیت بہت سے اہم کیسز کا فیصلہ کرنے والے بنچ کا بھی حصہ رہے۔ جسٹس گلزار احمد بطور چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان یکم فروری 2022ء کو ریٹائرڈ ہونگے۔ اس سے قبل جسٹس آصف سعید خان کھوسہ 11 ماہ 2 دن چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے پہ فائز رہے۔ وہ دو وزرائے اعظم سید یوسف رضا گیلانی اور نواز شریف کو نااہل کرکے گھر بھیجنے والے بینچز سمیت اہم کیسز کا حصہ رہے۔