بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سویلین آبادی کو نشانہ بنایا۔ بلااشتعال فائرنگ سے دو شہری شہید اور ایک خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوئے۔
پاک فوج نے بھارتی چوکیوں کو تباہ کردیا۔ بھارتی فورسز کی فائرنگ سے فوج کے تین جوان بھی زخمی ہوئے۔
بھارتی فوج لائن آف کنڑول پر ایک بار پھر آؤٹ آف کنٹرول ہوگئی اور جورا سیکٹر پر سویلین آبادی کو نشانہ بنایا۔ بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولا باری سے دوشہری شہید اور خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔
شہید ہونے والوں میں 14 سالہ معصوم نوید اور 29 سالہ شہریار شامل ہیں۔ فوج کی جانب سے بھارتی فائرنگ کا مؤثر اور منہ توڑ جواب دیا گیا۔ بھارتی چوکیوں کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا۔
بھارتی فوجیوں کو اپنے ساتھیوں کی لاشیں اٹھاتے دیکھا گیا۔
بھارتی فورسز سے فائرنگ کے تبادلہ میں پاک فوج کے تین جوان زخمی بھی ہوئے۔