ممبئی: باندرہ پولیس اسٹیشن کو ایک ای میل موصول ہوئی جس میں سلمان خان کے گیلیکسی اپارٹمنٹ میں واقع رہائش گاہ پر بم ہونے کی اطلاع دی گئی، جس کے بعد ہنگامہ مچ گیا۔
بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق غازی آباد کے 16 سال کے لڑکے کی طرف سے پولیس کو بھیجے گئے ای میل میں دعویٰ کیا گیا کہ اداکار سلمان خان کی رہائش گاہ پر بم لگا ہوا ہے۔ اس نے یہ بھی لکھا کہ باندرہ گیلیکسی، سلمان خان کی رہائش گاہ پراگلے دوگھنٹے میں دھماکہ ہوگا۔ روک سکو تو روک لو۔
رپورٹ کے مطابق سلمان خان کی رہائش گاہ پر بم کے دعوے والا ای میل 14 دسمبر کو پولیس کو بھیجا گیا تھا۔ اس کے بعد ممبئی پولیس ہائی الرٹ پر ہوگئی۔
ایڈیشنل پولیس کمشنر ڈاکٹر منوج کمار شرما نے بم اسکواڈ اور بھاری پولیس نفری کے ساتھ سلمان خان کے گھر پہنچ کر اس سے متعلق تفتیش کی۔
جب ممبئی پولیس سلمان خان کے گھر بم تلاش کرنے گئی تھی، تب سلمان خان گھر پر نہیں تھے۔ پولیس ٹیم نے سلمان خان کی پوری فیملی (ماں سلمیٰ خان، والد سلیم خان اور بہن ارپتا) کو محفوظ مقام پر پہنچایا۔ اس کے بعد بم اسکواڈ نے پورے اپارٹمنٹ کوتقریباً 4 گھنٹے تک اسکین کیا تھا۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق باندرہ پولیس کی طرف سے بتایا گیا، 'ہم نے سلمان خان کی رہائش گاہ کو ہر طرح سے اسکین کیا۔ پوری بلڈنگ چیک کی۔ اس میں ہمیں تین سے چار گھنٹے لگے۔ پوری طرح اطمینان ہونے کے بعد ہی ان کی فیملی کو واپس اپارٹمنٹ میں شفٹ کیا گیا'۔
پولیس کے مطابق، 'جب ہم نے پایا کہ یہ دھمکی فرضی تھی تو ہم نے ٹیکنیکل انٹیلی جینس کے ذریعے ملزم کی تلاش کی۔ جس میں پتہ چلا کہ ملزم غازی آباد کا ایک نابالغ لڑکا ہے۔ پھر ایک ٹیم غازی آباد بھیجی گئی'۔