Aaj Logo

شائع 12 دسمبر 2019 05:47pm

پی آئی سی حملہ، جاں بحق مریضوں کے لواحقین کیلئے امداد کا اعلان

پنجاب حکومت نے پی آئی سی واقعے میں جاں بحق ہونے والے مریضوں کے لواحقین کیلئے 10، 10لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کر دیا۔ وزیراعلیٰ نے ہنگامہ آرائی کے دوران اسپتال، ڈاکٹرز اور شہریوں کی گاڑیوں کو پہنچنے والے نقصان کے بھی فوری ازالے کا حکم دیا۔

 وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے اجلاس میں افسوسناک واقعہ کے مختلف پہلوؤں اور کیس پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ پی آئی سی میں حفاظتی انتظامات کے تحت رینجرز کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ پنجاب کے تمام اسپتالوں میں معمول کے مطابق کام ہو رہا ہے جبکہ ٹوٹنے والے سامان کی مرمت اور تبدیلی کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے پنجاب حکومت کی جانب سے جاں بحق ہونے والے مریضوں کے لواحقین کیلئے 10، 10 لاکھ روپے مالی امداد دینے کا اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پی آئی سی ایمرجنسی کی جلد بحالی اولین ترجیح ہے، اسپتال میں آلات، مشینری اور دیگر سامان کو جلد از جلد درست حالت میں لایا جائے۔ عثمان بزدار نے ڈاکٹرز اور شہریوں کی گاڑیوں کو پہنچنے والے نقصان کا بھی ازالہ کرنے کی ہدایت کی۔

Read Comments