لاہور واقعہ کے خلاف وکلا کو زبردستی چیف جسٹس کی عدالت سے باہر نکالنے کے معاملے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے واقعے کو عدالتی کارروائی میں مداخلت قرار دے کر سیکریٹری اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے عمیر بلوچ کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کردیا۔ عمیربلوچ کا اسلام آباد ہائیکورٹ میں وکالت کا لائسنس بھی معطل کردیا گیا۔
وکلا کو زبردستی عدالت سے باہر نکالنے پر چیف جسٹس اطہر من اللہ کا بڑا اقدام،سیکریٹری اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن عمیر بلوچ کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔
عدالت نے عمیر بلوچ کا اسلام آباد ہائیکورٹ کی حد تک لائسنس معطل کردیا۔
وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل،صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن ، ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نیاز اللہ نیازی کو بھی عدالت نے نوٹس جاری کردیا۔ عدالت نے 19 دسمبر کو عمیر بلوچ سمیت فریقین کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جاری حکم نامہ کے مطابق عمیر بلوچ کا آئندہ سماعت تک وکالت کا لائسنس اسلام آباد ہائی کورٹ کی حد تک معطل کیا گیا ہے ۔
ریمارکس میں کہا گیا کہ عدالتی کارروائی کے دوران عمیر بلوچ نے وکلا کو زبردستی باہر نکالا ،عمیر بلوچ روسٹرم پر آئے ان کا رویہ پیش ورانہ نہیں تھا۔ عمیر بلوچ نے کہا کہ ججز کو ہڑتال روکنے کی بجائے حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔