کراچی: پاک بحریہ کی آبدوز "ہنگور" کیہ کامیابی کا جشن منانے کے لیے آج "ہنگور ڈے" منایا جارہا ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ہنگور ڈے بحریہ کی آبدوز ہنگور کے 1971 کی جنگ میں عظیم کارناموں اور بہادری کی یاد میں ہر سال نو دسمبر کو منایا جاتا ہے۔
واضح رہے پی این ایس ہنگور نے 71 کی جنگ میں آج کے روز بھارتی بحریہ کے جہاز آئی این ایس ککری کو سمندر برد کر دیا تھا۔
پاکستان بحریہ کی تاریخی آبدوز ہنگور کراچی کے میری ٹائم میوزیم میں رکھی گئی ہے جس کا بنیادی مقصد نوجوان نسل کو پاک بحریہ کی عظیم قربانیوں اور درخشاں ماضی سے روشناس کرانا ہے۔
سنہء71 کی جنگ میں تاریخی آبدوز کے کمانڈنٹ افسر کمانڈر احمد تسنیم تھے جو بعد میں وائس ایڈمرل کے عہدے پر فائز رہے۔
9 دسمبر 1971 کو بھارت کی مغربی بندرگاہ پر اس آبدوز نے بھارتی آبدوز کی موجودگی سے متعلق معلومات جمع کیں۔ ہنگور کو ملنے والی معلومات کے مطابق 2 جہاز آئی این ایس کرپان اور آئی این ایس کُکری بحر ہند میں متحرک تھے، پاکستان کی آبدوز نے ان دونوں جہازوں پر تارپیڈوز سے حملہ کیا، اس حملے میں آئی این ایس کُکری مکمل طور پر تباہ ہوا جبکہ آئی این ایس کرپان کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
بھارتی جہاز کو ڈبونے کا یہ شاندار کارنامہ بھارت کے مغربی ساحل پر ڈیو ہیڈ(Diu Head) کے جنوب مشرق میں 30 میل دور وقوع پزیر ہوا تھا۔
یہ واقعہ بحری جنگی تاریخ میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے کیونکہ دوسری جنگ عظیم کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب کسی آبدوز نے ایک بحری جنگی جہاز کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنا کر سمندر برد کر دیا ہو۔
پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور کے عملے کی اس بہادری کو سراہتے ہوئے 4 ستارہ جرأت ، 6 تمغئہ جرأت اور 14 امتیازی اسناد سے نوازا گیا۔ یہ تعداد کے لحاذ سے پاک بحریہ کے کسی ایک یونٹ کو دیئے جانے والے بہادری کے تمغوں میں سب سے زیادہ ہیں۔
اکہتر کی جنگ میں آبدورز ہنگور پاک بحریہ کا فخر رہی۔ اس کا بہادر عمل نہ صرف ایک شاندرا جنگی حربہ تھا جس نےبھارتی نیوی کے فریگیٹ جہاز کو سمندر برد کر دیا بلکہ یہ پاک بحریہ کی اسٹریٹیجک حکمت عملی کا ایک ایسا آغاز تھا جس نے 71 کی جنگ میں بھارت کی جانب سےپاکستان پر مسلط کی گئی جارحیت کا بھرپور جواب دے کر محدود کر دیا۔
٭ خصوصی پرومو جاری
پاک بحریہ نے ہنگور ڈے کے موقع پر خصوصی پرومو جاری کردیا، پرومو میں ایک نظم بھی پیش کی گئی ہے جس میں پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور کی1971 کی جنگ میں دشمن کے خلاف لازوال کامیابی کو اجاگر کیا گیاہے۔
ہنگور تجھے سلام
پاک بحریہ کی آبدوزہنگور کو بھارتی جنگی جہاز کو غرقاب کرنے پر خراجِ تحسین pic.twitter.com/qkUAnGJ3dP
— Rear Admiral M Arshid Javed DGPR Navy (@dgprPaknavy) December 8, 2019