آئی سی سی نے کرکٹ میچز کے دوران نوبال کے معاملے پر بڑھتے ہوئے تنازعات کو قابو میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد کرکٹ میں نو بال کا قانون تبدیل کر دیا گیا ہے۔
حالیہ کچھ عرصے کے دوران دیکھنے میں آیا ہے کہ بہترین سے بہترین ایمپائر بھی کئی مرتبہ نوبال دینے میں کوتاہی کر جاتے ہیں جس کے اثر میچ کے نتیجے پر پڑتا ہے۔
حال ہی میں پاکستان کے دورہ آسٹریلیا کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا تھا کہ ایک میچ کے دوران امپائرز کی طرف سے 21 نوبالز نہیں دی گئیں۔ اسی وجہ سے اب آئی سی سی نے فیصلہ کیا ہے کہ اب سے نو بال کا فیصلہ تھرڈ امپائر کریں گے۔
کرکٹ کی دنیا میں یہ پہلی مرتبہ ہو رہا ہے کہ نو بال کا فیصلہ اب فیلڈ میں کھڑے امپائر کی بجائے تھرڈ امپائر یعنی ٹی وی کیمرہ کرے گا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے یہ اعلان بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جانے والے ٹی 20 کے دوران ہونے والی غلطیوں کو دیکھتے ہوئے کیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس ٹرائل کا آغاز حیدرآباد میں شروع ہونے والے انڈیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی 20 میچ سے ہو گا۔
آئی سی سی کا کہنا تھا کہ اس ٹرائل کے دوران تھرڈ امپائر کی ذمہ داری ہو گی کہ وہ باؤلر کی ہر گیند پر نظر رکھے اور اگر باؤلر نو بال کرواتا ہے تو تھرڈ امپائر فیلڈ امپائر کو اس بارے میں بتائے گا جو اسے نوبال قرار دے گا۔