اسلام آباد:مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز کی ضمانت منسوخی کے لیے قومی احتساب بیورو (نیب)نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔
نیب نےسابق وزیراعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نواز کی ضمانت کے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل سپریم کورٹ میں دائرکردی۔
نیب کی جانب سے اپیل میں مؤقف اپنایا گیا کہ لاہورہائیکورٹ نے سپریم کورٹ کے احکامات کے برخلاف فیصلہ دیا ،اس لیے مریم نواز کی ضمانت منسوخ کی جائے،عدالت عالیہ نے ضمانت کے کیس میں شواہد پر آبزرویشنزدی ، جس سے ٹرائل متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔
نیب نے عدالت سے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قراردینے کی استدعا کرتے ہوئے کہاکہ مریم نواز2008 میں چوہدری شوگرمل کی 47 فیصد شیئرز کے ساتھ سب سے بڑی شیئرہولڈررہیں۔
نیب نے درخواست میں سپریم کورٹ سے استدعا کی کہ لاہورہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد بہت سے قانونی سوالات پیدا ہو گئے ہیں ۔
یاد رہے کہ نیب نے لاہور ہائی کورٹ کے 31 اکتوبر 2019 کے فیصلے کوسپریم کورٹ میں چیلنج کیا۔