Aaj Logo

شائع 04 دسمبر 2019 06:41am

شادی کی شیروانی خراب کرنے پر درزی عدالت میں طلب

لاہور: صارف عدالت نے ایک مقدمے میں دلہے کی شیروانی خراب کرنے پر درزی کو طلب کر لیا ہے۔

عدالت میں دائر درخواست میں لاہور کے رہائشی سکندر احمد نے موقف اختیار کیا ہے کہ انہوں نے اسلم ٹیلرز شاپ پر شادی کی شیروانی سلوانے کے لیے دی جس کے ایڈوانس پیسے بھی دیے۔ جب شیروانی سل کر آئی تو وہ اتنی تنگ تھی کہ پہنی ہی نہیں جا سکی۔

درخواست گزار کے مطابق جس سے ان کا نہ صرف فنکشن خراب کیا گیا بلکہ انہیں ذہنی اذیت سے بھی دو چار ہونا پڑا۔

سکندر احمد کا تعلق لاہور کے علاقے مصری شاہ سے ہے، انہوں نے ہرجانے کے طور پر درزی کے خلاف ایک لاکھ روپے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد درزی کو نوٹس کرتے ہوئے 26 دسمبر کو طلب کر لیا ہے۔

دوسری جانب درزی اسلم کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے رجسڑڈ میں درج پرانے ناپ پر ہی شیروانی بنائی کیونکہ سکندر احمد ان کے پرانے گاہک ہیں۔ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ اب وہ سائز ان کا نہیں رہا جو پہلے سے ہی رجسڑڈ میں درج تھا۔

سکندر احمد کا کہنا تھا کہ شادی کی رات جب شیروانی سل کر آئی تو اس وقت ٹرائی کی تو وہ انتہائی تنگ ناپ کی تھی۔ جس کے بعد درزی اسلم کو بتایا گیا تو انہوں نے صحیح کرنے سے انکار کر دیا کہ اب اتنا وقت نہیں کے کہ اسے ٹھیک کیا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب میں نے تقاضا کیا کہ کپڑے کے پیسے واپس کیے جائیں تو اس پر بھی درزی نے انکار کر دیا تھا۔

Read Comments