لاہور: پاکستان کے نجی ٹی وی چینل سے وابستہ اینکر پرسن شاہزیب خانزادہ کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف جس افسر پر سانحہ ماڈل ٹاﺅن کا الزام عائد کیا کرتی تھی اسی کو چیف سیکرٹری پنجاب تعینات کردیا ہے۔
شاہزیب خانزادہ نے انصار عباسی کی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ماضی میں اعظم سلیمان پر تحریک انصاف نے سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے حوالے سے الزامات عائد کیے۔ وہ شہباز شریف کے پسندیدہ ترین بیوروکریٹ تھے جنہیں 5 سال تک ایک ہی جگہ تعینات رکھا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اعظم سلیمان شہباز شریف کے دور میں کمیونیکیشن اینڈ ورکس کے سیکرٹری کے عہدے پر کام کررہے تھے، شہباز شریف میجر اعظم کو اس قدر پسند کرتے تھے کہ گریڈ 22 میں ترقی باوجود انہیں اے سی ایس ہوم پنجاب میں 5 سال کے لیے مقرر رکھا گیا، یہ کسی کے لیے سب سے طویل عرصہ ہے۔
شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ اعظم سلیمان کے شہباز شریف کے ساتھ تعلقات اتنے خوشگوار تھے کہ اس وقت کے وزیر اعلیٰ نے ان کے محکمے کا کوئی وزیر ہی مقرر نہیں کیا بلکہ براہ راست سیکریٹری اعظم سلیمان کے ساتھ رابطہ رکھتے تھے۔ اعظم سلیمان نے پنجاب اور لاہور میں بڑے پروجیکٹس پر عمل کے معاملے میں بہت زبردست کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے کہا کہ اعظم سلیمان کسی بھی طرح کی بے وقوفی کو برداشت نہیں کرتے تھے اور شہباز شریف کے من پسند افسر تھے۔