لاہور: چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ کا کہنا ہے کہ جج صرف جج ہوتا ہے، جج کے عہدے کے لیے صنف کی کوئی اہمیت نہیں۔
تیسری خواتین ججز کانفرنس سے خطاب میں چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ خواتین ججز اپنے اختیارات کا استعمال کریں، کسی کو بھی مداخلت کی اجازت نہ دیں، ہمارے ہاں خواتین ججز مردوں کے غالب معاشرے میں کام کر رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدلیہ خواتین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنا رہی ہے، خواتین کو انصاف کی فراہمی کے لیے ترجیح بنیاد پر کام ہو رہا ہے۔ خواتین ججز کانفرنس کا انعقاد ہم سب کے لیے باعث فخر ہے، معاشرے میں خواتین کا کردار بڑھتا جارہا ہے جب کہ نوکریوں کے لیے خواتین کا خصوصی کوٹہ مختص ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتیں 50 برس سے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کررہی ہیں تاہم زندگی کے ہر شعبےمیں خواتین کو با اختیار بنانا ہوگا۔
چیف جسٹس پاکستان نے مزید کہا کہ آئین میں اقلیتوں سمیت ہرشہری کو برابر حقوق حاصل ہیں۔ جب کہ قرآن پاک میں بار بار انصاف کی فراہمی کی تلقین کی گئی ہے، اللہ تعالیٰ انصاف کرنے والوں کے ساتھ محبت کرتا ہے۔