Aaj Logo

اپ ڈیٹ 30 نومبر 2019 04:24pm

شاہین شاہ آفریدی کی انگلش کا مذاق بنانے والے صحافی کو ڈین جونز کا جواب

ایڈلیڈ: گزشتہ روز پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کے صرف ایک ہی بلے باز کو آؤٹ کرسکی تھی۔ جس وقت چائے کا وقفہ ہوا تو آسٹریلیا کی ٹی وی میزبان نے راستے میں ہی وکٹ حاصل کرنے والے پاکستانی بولر شاہین شاہ آفریدی کو روکا اور ان کا انٹرویو شروع کردیا۔

اس انٹرویو پر ایک آسٹریلوی صحافی نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ابھی ایک پاکستانی فاسٹ بولر کو انٹرویو دیتے ہوئے سنا ہے مگر مجھے کچھ بھی سمجھ نہیں آیا۔

آسٹریلوی صحافی کے اس ٹویٹ پر سابق آسٹریلوی کھلاڑی ڈین جونز شاہین شاہ آفریدی کے دفاع میں آکھڑے ہوئے۔ انہوں نے اس ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ 'شاہین شاہ آفریدی نے کم ازکم کوشش تو کی۔ انگلش ان کی دوسری زبان ہے، ہمارے کرکٹر بھی تو یو اے ای میں کھیلنے کیلئے جائیں تو اردو نہیں بولتے'۔

آسٹریلوی صحافی کے ٹویٹ پر دیگر سوشل میڈیا صارفین نے بھی اپنا ردعمل دیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ 'کم از کم انہوں نے کوشش تو کی ہے۔ اگر آپ مراٹھی، ہندی یا اردو میں کچھ جملے کہہ دیں تو مجھے خوشی ہوگی۔ شاہین کم از کم 3 زبانیں بولنا جانتے ہیں لیکن آپ نہیں'۔

ایک اور پاکستانی صارف نے لکھا کہ 'انگلش ہماری پہلی زبان نہیں ہے، ہمارے پاس تعلیمی اداروں کا فقدان ہے اسی وجہ سے ہر شخص کو بنیادی ضروریات میسر نہیں ہیں۔ اس کے باوجود ہمارے کھلاڑی کوشش کرتے ہیں۔ اس دنیا میں کم و بیش 6 ہزار 500 زبانیں بولی جاتی ہیں مگر میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ شاہین 4 زبانیں بول سکتے ہیں جو آپ نہیں بول سکتے'۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ 'آپ ہندی یا پنجابی میں بولنے کی کوشش کریں اور پھر اپنی ٹویٹ کا جائزہ لیں'۔

ایک بھارتی صارف نے لکھا کہ 'سب سے پہلے تو آپ اپنا تلفظ درست کرکے ان میں سے کسی ایک کھلاڑی کا نام تو صحیح سے لے لیں'۔

Read Comments