Aaj Logo

شائع 27 نومبر 2019 05:25pm

آرمی چیف کی مدت میں توسیع، کسی دوسرے ملک کا کوئی تعلق نہیں،شجاعت

مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ساری قوم آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے فیصلے کی حمایت کرتی ہے.یہ پاکستان کا اندرونی مسئلہ ہے اس سے ہندوستان یا کسی بھی اور ملک کا کوئی تعلق نہیں۔

 مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ فوج کے سپہ سالار کی تقرری ایک باقاعدہ نظام کے تحت ہوتی ہے اور اس کے قانونی پہلو سپریم کورٹ آف پاکستان میں زیر بحث ہیں۔پوری قوم کو حیرانی ہے کہ ہندوستانی میڈیا اس مسئلے کو سامنے رکھ کر پاکستان کی حکومت، فوج اور عدلیہ کو حسب معمول تنقید کانشانہ بنارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج نے مشکل حالات میں پاکستان میں معمول کی سرگرمیاں بحال کرنے کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کئے اور پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنایا۔ہندوستان کو یاد رکھنا چاہئے کہ اگر اس نے پاکستان کے خلاف کوئی غلط اندازے لگائے تو وہ گہرا اور ناقابل تلافی نقصان اٹھائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ایک باصلاحیت اور قابل جرنیل ہیں جن کی قوم کو اشد ضرورت ہے۔آرمی چیف نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے پاکستان کے خلاف تمام سازشوں کو نہ صرف ناکام بنایا ہے بلکہ کشمیری قوم کو نیا حوصلہ اور جذبہ دیا ہے کہ ان کی آزادی کے دن بہت قریب ہیں۔

Read Comments