Aaj Logo

شائع 22 نومبر 2019 01:36pm

پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کے دھرنے کو مجرا قرار  دینے پر ہنگامہ

 پنجاب اسمبلی میں ٹماٹر کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے شروع ہونے والی گرما گرمی سے ایوان مچھلی منڈی بن گیا۔ ارکان آمنے سامنے آگئے، تلخی بڑھی تو حکومت اور اپوزیشن ارکان کو ایوان میں معذرت کرنا پڑی۔

 پنجاب اسمبلی میں مہنگائی پر بحث میں ٹماٹر کا خوب تذکرہ رہا، پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی بولے دو کلو ٹماٹر خریدیں تو ایف بی آر نوٹس آجاتا ہے۔ حسن مرتضیٰ نے پی ٹی آئی کے 126 دن کے دھرنے کو مجرا قرار دیا تو ایوان میں ہنگامہ کھڑا ہوگیا۔

 اپوزیشن رکن کے الفاظ پر حکومتی بنچ سراپا احتجاج بن گئے اور خواتین ارکان نے اسپیکر ڈائس کا گھیراو کیا۔ وزیر قانون راجہ بشارت نے بھی احتجاج کی دھمکی دے ڈالی۔

 ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری نے حسن مرتضیٰ کے الفاظ کارروائی سے ہذف کر دئیے۔ فیاض الحسن چوہان جواب دینے اٹھے تو ان کے الفاظ نے اپوزیشن کو سیخ پا کر دیا اور ایوان میں ایک بار پھر گالیوں کا تبادلہ ہوا۔

 ڈپٹی  اسپیکر کے حکم پر دونوں جانب سے ناپسندیدہ الفاظ بولنے والوں نے معذرت کی، جس کے بعد ڈپٹی اسپیکر نے وقفہ سوالات ملتوی کرتے ہوئے ایوان کی کارروائی 24 نومبر کو سہ پہر تین بجے تک ملتوی کردی۔

Read Comments