Aaj Logo

شائع 21 نومبر 2019 05:49am

عدالتی ثبوت نے ہی معروف وکیل کی جان لے لی

جوہانس برگ: جنوبی افریقا کی ایک خاتون وکیل عدالت میں حادثاتی طور پر پیش کئے گئے اپنے ثبوت سے ہی ہلاک ہوگئیں۔

جنوبی افریقا کے ایک صوبے کوازولو نیٹل میں پیش آنے والے واقعے نے سب کو حیرت میں مبتلا کردیا۔

رپورٹ کے مطابق اکیاون سالہ وکیل ایڈیلیڈ فریرا واٹ نے عدالت میں ایک شاٹ گن بطور ثبوت پیش کی جو لوڈڈ تھی۔ گن ان کے ہاتھ سے چھوٹ کر گری اور اس سے فائر ہوگیا۔

گولی وکیل ایڈیلیڈ کے کولہے میں لگی، اسپتال لے جانے پر معلوم ہوا کہ زائد خون بہہ جانے کی وجہ سے ان کا انتقال ہوچکا ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق یہ شاٹ گن گھریلو ڈکیتی میں بطور ثبوت پیش کی گئی تھی جس کی گولی ایڈیلیڈ فریرا کے بائیں کولہے میں لگی۔

تاہم پولیس اس واقعے کے مختلف پہلوؤں پر بھی غور کررہی ہے۔ اس ضمن میں پولیس نے مزید تفصیلات دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک حساس معاملہ ہے۔

ایڈیلیڈ ایک بہت سینئر اور مشہور وکیل تھیں، اسی وجہ سے بڑے پیمانے پر لوگوں نے اپنے دکھ اور صدمے کا اظہار بھی کیا۔

جنوبی افریقن سوشل میڈیا پر لوگوں نے ان کی موت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے اور اس واقعے پر بھرپور تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

Read Comments