بیجنگ: 700 سال قبل سیاہ طاعون کی وباء جسے "سیاہ موت" کا نام بھی دیا گیا تھا، نے 20 کروڑ لوگوں کی جان لے لی تھی، اب ایک بار پھر یہ ہولناک بیماری دوبارہ دنیا میں آگئی ہے۔
رائٹرز کے مطابق اس بیماری نے 1346ء سے 1353 تک یورپ اور ایشیاء کے ممالک کو اپنی لپیٹ میں لیے رکھا، اور اب یہ دوبارہ چین میں نمودار ہو گئی ہے، جہاں اب تک دو مریضوں میں اس کی تصدیق ہو چکی ہے۔
چینی نیوز ایجنسی ژن ہوا کی رپورٹ کے مطابق ان دونوں مریضوں کا تعلق چین کے علاقے "منگولیا" سے ہے اور مقامی حکام کا کہنا ہے کہ ان مریضوں کا مناسب علاج کیا جا رہا ہے۔
بیجنگ میونسپل ہیلتھ کمیشن کا کہنا ہے کہ ایک مریض کی حالت اس وقت مستحکم ہے جبکہ دوسرا تاحال تشویشناک حالت میں ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ بیماری مریض کے پھیپھڑوں پر حملہ کرتی ہے اور مریض کی سانس سے متاثر ہوا، اس کے استعمال شدہ کپڑوں اور دیگر اشیاء کے ذریعے دیگر لوگوں تک پھیل سکتی ہے۔ اگر اس کی بروقت تشخیص نہ ہو تو موت 100 فیصد یقینی ہوتی ہے۔