Aaj Logo

شائع 18 نومبر 2019 04:41am

سعودی آئل کمپنی "آرامکو" کے شئیرز کی قیمت مقرر ، کیسے خریدیں؟

ریاض: سعودی عرب کی بڑی آئل کمپنی آرامکو نے اپنے ڈیڑھ فیصد شیئرز فروخت کے لیے پیش کر دیے ہیں، جن کی قیمت 30 سے 32  ریال کے درمیان ہے۔

سعودی ویژن 2030 کے مطابق سعودی معیشت کا انحصار تیل سے ہٹانے کے منصوبے کے تحت آرامکو نے خود کو اسٹاک مارکیٹ میں متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔

آرامکو کے صدر یاسر الرومیان کا کہنا تھا کہ سعودی نظریہ 2030 کے سلسلے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

عرب نیوز نے آرامکو کے ایک اعلامیے کے حوالے سے بتایا کہ کمپنی  کے سرمائے کا مجموعی حجم 60 ارب ریال ہے، جسے 200 ارب شیئرز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ تاہم مارکیٹ میں صرف تین ارب شیئرز فروخت کیے جائیں گے۔

کمپنی نے کہا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کار لائسنس رکھنے والے اداروں کے ذریعے شیئرز خرید سکیں گے۔

سعودی عرب کے بینکوں نے آرامکو کے شیئرز خریدنے کے خواہش مندوں کی رجسٹریشن کے لیے ڈیوٹی کے اوقات بڑھا کر شام چھ بجے تک کر دیے ہیں۔

آرامکو کے شیئرز دو مراحل میں خریدے جاسکیں گے۔ کمپنیوں اور اداروں کے لیے شیئرز کی خریداری 17 نومبر سے چار دسمبر تک جاری رہے گی۔

انفرادی سطح پر شیئرز کی خریداری بھی اسی تاریخ  سے شروع ہو رہی ہے جو 28 نومبر تک جاری رہے گی۔

سرکاری اداروں نے خبردار کیا ہے کہ دھوکے سے بچنے کے لیے شیئرز خریدنے والے لائسنس یافتہ اداروں سے رجوع کریں۔

سعودی ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن نے ایس ایم ایس کرکے لوگوں کو بتایا  کہ وہ شیئرز کی خریداری کے لیے غیرلائسنس یافتہ کمپنی کے ساتھ لین دین نہ کریں۔

سعودی تیل کمپنی آرامکو کے حصص سے متعلق کئی سوالات کیے جا رہے ہیں۔ آرامکو نے نمایاں سوالات اور ان کے جوابات اپنی ویب سائٹ پر جاری کر دیے ہیں۔

سوال: آرامکو کے حصص کمپنی فروخت کررہی ہے یا حکومت؟

اس کا جواب یہ ہے کہ سعودی حکومت حصص فروخت کر رہی ہے۔ حصص کا اندراج سعودی عرب کی شیئر مارکیٹ (تداول) میں ہوگا۔ حصص کی تفصیلات جاری ہوں گی۔ خریدار حضرات اچھی طرح سے سمجھ کر اپنے بینک سے رابطہ کریں گے۔ کمپنی اپنی ویب سائٹ پر ان بینکوں کی فہرست جاری کرے گی جن کے توسط سے حصص حاصل کیے جاسکیں گے۔

سوال: حصص خریدنے کے لیے کہاں درخواست دی جائے؟

اس کے جواب میں آرامکو نے واضح کیا کہ اس کے لیے آپ اپنے بینک پر انحصار کریں۔

بینک کی متعلقہ شاخ وزٹ کریں یا ٹیلیفون یا ای بینک سروس کی مدد سے رابطہ کریں یا اے ٹی ایم کا سہارا لیں یا بینکوں کی جانب سے حصص فروخت کرنے والے چینلز کا رخ کریں۔ آرامکو نے حصص خریدنے میں دلچسپی رکھنے والوں سے کہا ہے کہ ان کے ذہن میں جو بھی سوال آئے اپنے بینک سے رابطہ کرکے اس کا جواب حاصل کریں۔

سوال: اگر آرامکو کی جانب سے جاری کردہ بینکوں کی فہرست میں اس بینک کا نام شامل نہ ہو جس میں میرا اکاﺅنٹ ہے تو ایسی صورت میں کیا کیا جائے؟

آرامکو کا کہنا ہے کہ کمپنی کی ویب سائٹ سے جن بینکوں کی فہرست جاری ہوگی صرف انہی کے ذریعے حصص خریدے جاسکیں گے۔ انہی میں سے آپ کو کسی ایک سے رابطہ کرنا ہوگا۔

سوال: کون لوگ حصص خرید سکتے ہیں؟

حکام کا کہنا ہے کہ سعودی شہری، جی سی سی ممالک کے شہری اور سعودی عرب میں مقیم بعض غیر ملکی حصص خریدنے کے مجاز ہوں گے۔ یہ کام بینک اکاﺅنٹ یا کسی متعلقہ بینک میں انویسٹمنٹ اسکیم کے ذریعے کیا جاسکے گا۔ حصص خریدنے کے لیے درخواست فارم تمام متعلقہ بینکوں میں مہیا ہوں گے۔

سوال: حصص خریدنے کے لیے کم از کم رقم کتنی درکار ہوگی؟

اس کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، یہ بھی بتایا جائے گا کہ حصص کے خریداروں میں کن شرائط کا ہونا ضروری ہے۔ مزید معلومات ipo.saudiaramco.com اور متعلقہ بینکوں کے ذریعے حاصل کرسکتے ہیں۔

سوال: زیادہ سے زیادہ کتنی رقم حصص میں لگائی جاسکتی ہے؟

آرامکو ویب سائٹ کے مطابق اس کی کوئی انتہائی حد مقرر نہیں۔ آئندہ ہفتوں کے دوران شیئر کی قیمت متعین ہوگی۔

سوال: شیئرز خریدنے کی کارروائی کس طرح انجام پائے گی؟

اس کے لیے سب سے پہلے حصص سے متعلق تمام معلومات کا اچھی طرح مطالعہ کرنا ہوگا۔

معلومات کمپنی کی ویب سائٹ پر مہیا ہوں گی۔ شیئر خریدنے کے لیے درخواست دینے کا فیصلہ کرنے پر آپ کو کسی ایک مقررہ بینک سے رابطہ کرنا ہوگا۔ درخواست دینے پر آپ کو بتایا جائے گا کہ آپ کے لیے کتنے حصص مقرر کیے گئے ہیں اور انکی قیمت کتنی بنتی ہے۔

سوال: مفت حصص کی کیا پالیسی ہوگی؟

 جو سعودی 180 دن تک بلا انقطاع اپنے حصص برقرار رکھیں گے انہیں ہر 10 حصص پر ایک شیئر مفت دیا جائے گا۔ اس کا حساب شیئر خریدنے کے  وقت کے تناظر میں ہوگا۔ 100 تک مفت حصص دیئے جائیں گے۔ فیملی کا سربراہ حصص خرید سکتا ہے اور وہ لوگ بھی جن کے پاس مختار نامہ ہو۔

٭ حصص خریدنے کے لیے 5 مراحل

 مقررہ بینکوں میں سے کسی ایک میں اکاﺅنٹ ہونا چاہئے۔ مالی مشیر کے تعاون سے حصص کی تعداد اور رقم لگانے کا فیصلہ، حصص کی قیمت کی حد کا اعلان آئندہ ہفتوں میں ہوگا۔

درخواست میں مطلوبہ حصص کا فیصلہ ہونے پر فاضل رقم بغیر کسی کٹوتی کے واپس کردی جائے گی۔ تداول میں حصص کا اعلان ہوتے ہی سعودی آرامکو کے حصص کے نرخ دیکھے جاسکیں گے۔

حصص خریدنے، نہ خریدنے اور رقم متعین کرنا آپ کا اپنا کام ہے۔ آپ اپنے حالات کے مطابق اس کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔

Read Comments