اسلام آباد: کامیاب جوان پروگرام کے تحت 20 دن میں 10 لاکھ درخواستیں موصول ہوگئیں۔ وزیراعظم عمران خان کو معاون خصوصی یوتھ افیئرز عثمان ڈار نے ماہانہ رپورٹ پیش کردی۔
وزیراعظم نے پروگرام کی زبردست پذیرائی پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرٹ اور شفافیت پرکسی صورت سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیئے۔
وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی یوتھ افیئرزعثمان ڈارکی ملاقات کی جس میں عثمان ڈار نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ صرف 20 روز میں 10 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔
انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں کی بڑی تعداد 1 سے 5 لاکھ روپے تک قرضے کیلئے رجسٹریشن کروائی 6 لاکھ سے زائد نوجوان نئے کاروبار کا آغازکرنا چاہتے ہیں، قرض کی تقسیم آئندہ ماہ ہوگی سب سے زیادہ درخواستیں پنجاب اور خیبر پختونخوا سے موصول ہوئیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نوجوانوں کو درپیش روزگارکے مسائل حل کرنا ترجیح ہے کامیابی کی راہ ہموار کرنے کیلئے سب کچھ کرینگے نوجوان ملک کا اثاثہ اور معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کےلیے حکومتی سرپرستی ہرحال میں یقینی بنائیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یقین ہے کامیاب جوان پروگرام معیشت کی بہتری میں سازگارثابت ہوگا، نئے کاروبارسے اقتصادی صورت حال میں بھی بہتری آئے گی۔