Aaj Logo

شائع 14 نومبر 2019 07:09am

کروڑوں سال پہلے مرجانے والی مکڑیوں کی زندہ آنکھیں

کیا 11 کروڑ سال پہلے مرجانے والے ایک جاندار کی آنکھیں اب بھی کام کرسکتی ہیں؟ کوریا میں ایسا ہی حیرت انگیز واقعہ سامنے آیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق درحقیقت کوریا میں 11 کروڑ سال پہلے مرجانے والی مکڑیوں کے فوسلز دریافت کئے گئے ہیں اور سائنس دان یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ 8 ٹانگوں والی اس مخلوق کی آنکھیں اب بھی روشنی کو واپس پلٹ رہی ہیں۔

عام طور پر چٹانوں میں کروڑوں سال کے لیے محفوظ ہوجانے والی مکڑیاں دیکھنے میں نہیں آتیں کیونکہ یہ جاندار خول والی سمندری مخلوق کے مقابلے میں زیادہ کمزور ہوتا ہے۔

مگر نامعلوم وجوہات کی بِنا پر فوسلز بن جانے والی یہ مکڑیاں دریافت ہوئی ہیں اور ان کی آنکھوں کی منفرد ساخت تاحال روشنی میں جگمگا رہی ہیں۔

اس طرح کی ساخت کو ٹیپ ٹم کہا جاتا ہے اور اسے وہ جاندار استعمال کرتے ہیں جو تاریکی میں شکار کرتے ہیں۔

 سائنس دانوں نے کروڑوں سال سے محفوظ ان مکڑیوں کو دریافت کیا اور ان کا کہنا تھا کہ رات کو شکار کرنے والے جانداروں کی آنکھیں مختلف طرح کی ہوتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ یہ پہلی بار ہے کہ ہم نے ٹیپ ٹم کو کسی فوسل زدہ جاندار میں دریافت کیا ہے۔ آج کے دور میں وولف اسپائیڈرز میں آنکھوں کی ساخت ایسی ہی ہے۔

مگر یہ اسرار ابھی تک حل نہیں ہوسکا کہ یہ مکڑیاں پتھر کا حصہ کیسے بن گئیں، اس طرح کے پتھر زدہ اجسام مچھلیوں اور دیگر سمندری مخلوقات کے تو دریافت ہوئے ہیں مگر مکڑیاں پانی میں نہیں گھومتیں۔

سائنس دانوں کا کہنا تھا کہ کوریا میں زمینوں کو اکثر عمارات کی تعمیر کے لیے کاٹ دیا جاتا ہے اور اسی طرح یہ فوسلز دریافت ہوئے۔

Read Comments