متحدہ عرب امارات (یو اے ای) حکام نے تصدیق کی ہے کہ شدید بارش کی وجہ بادلوں کی استعداد مصنوعی انداز سے بڑھانا ہے۔
دبئی سے شائع ہونے والے اخبار "خلیج ٹائمز" کی رپورٹ کے مطابق یو اے ای کے نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی (این سی ایم) کے ڈائریکٹر خالد العبیدی نے کہا ہے کہ یو اے ای میں مختلف مقامات پر کلاؤڈ سیڈنگ کے پانچ آپریشن کیے گئے۔
خیال رہے کہ کلاؤڈ سیڈنگ اس طریقہ کار کو کہتے ہیں جس میں آسمان میں موجود بادلوں میں مختلف کیمیکل اور اجزاء شامل کر دیے جاتے ہیں جس سے بادل توقع سے زیادہ بارش برساتے ہیں۔
متحدہ عرب امارات میں کئی سال سے کلاؤڈ سیڈنگ کا طریقہ کاراختیار کیا جا رہا ہے۔
گزشتہ روز بھی یو اے ای میں شدید بارش ہوئی تھی جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی ہیں۔
الأجواء على جزيرة #أبوظبي #Abu_Dhabi now
#أمطار #أمطار_الخير #استمطار #تلقيح_السحب #المركز_الوطني_للأرصاد
#Rain #Cloud_Seeding #NCM pic.twitter.com/v4jfnU6TPV— المركز الوطني للأرصاد (@NCMS_media) November 10, 2019
ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کئی مقامات پر سڑکوں پر پانی کھڑا ہے جبکہ متعدد مقامات پر ٹریفک بھی جام ہے۔ اس کے علاوہ بڑے کاروبار مرکز دبئی مال میں بھی پانی داخل ہو گیا تھا۔
Dubai mall after rain today. 1/2 pic.twitter.com/AV2zhLAfK2
— Akbar (@agaddani) November 10, 2019
حکام کے مطابق بادلوں کی موجودگی پر کلاؤڈ سیڈنگ کے مزید آپریشن بھی کیے جا سکتے ہیں جس سے یو اے ای میں اور بارش بھی ہو سکتی ہے۔
یو اے ای کے نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی (این سی ایم) کے ڈائریکٹر خالد العبیدی نے مزید کہا کہ فضا میں بادل دو سطح پر موجود ہوتے ہیں۔ ایک بہت بلندی پر جبکہ دوسرے بادل نچلی سطح پر نظر آ رہے ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ بادلوں میں نمک کے باریک ذرات بھی شامل کیے جاتے ہیں جس سے بارش زیادہ ہوتی ہے۔
خالد العبیدی کا کہنا تھا کہ فضا میں زیادہ بلندی پر موجود بادلوں میں کلاؤڈ سیڈنگ کی جاتی ہے۔ ان کے بقول نمکیات سے بارش کے بہت سے قطرے جڑ جاتے ہیں۔ چھوٹی ہیئت کی پانی کی بوندوں کے ملنے سے بادلوں میں بارش کے بڑے قطرے بن جاتے ہیں۔
یو اے ای کے نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کے ڈائریکٹر نے کہا کہ ہمارا منصوبہ ہے کہ خلیج میں موجود بادلوں مزید کلاؤڈ سیڈنگ آپریشن کیے جائیں کیونکہ ابھی فضا میں بارش برسانے والے بادل موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ جب بھی بارش ہو اس کی استعداد میں 15 سے 25 فی صد تک اضافہ کیا جائے۔
یو اے ای سے شائع ہونے والے اخبار 'گلف نیوز' کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں تین دن تک شدید بارشیں ہونے کے امکانات ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی (این سی ایم) نے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں شہریوں سے کہا گیا ہے کہ بدھ سے بارش کے امکانات رہیں گے۔